رانچی، 25 ستمبر (یو این آئی) جھارکھنڈ کے مغربی سنگھ بھوم ضلع کے چائیباسا پولیس اسٹیشن میں ڈی جی پی انوراگ گپتا کی موجودگی میں حکومت کی خودسپردگی اور باز آبادکاری پالیسی کے تحت دس نکسلیوں نے خودسپردگی کی۔ یہ تمام نکسلی کولہان اور سارنڈا علاقوں میں سرگرم تھے ۔ جھارکھنڈ پولیس اور سی آرپی ایف نے مشترکہ طور پر سکیورٹی اور بحالی کا یقین دلاتے ہوئے ان انتہا پسندوں کی خودسپردگی کو کامیاب بنایا۔ خودسپردگی کرنے والوں میں کئی خواتین نکسلائیٹس بھی شامل تھیں۔پولس ذرائع نے آج بتایا کہ نکسلیوں پر کافی دنوں سے پولس کی نظر تھی۔ ان میں ایک نکسلی جس پر انعام کا اعلان کیا گیاتھا بھی شامل ہے ، جو برسوں سے خطے میں سرگرم تھا۔ ہتھیار ڈالنے والوں میں راندو بوپائی عرف کانتی بوپائی، جوایریا کمیٹی کے ممبرہیں، کے علاوہ گارتی کوڑا، جان عرف جوہن پورتی، نرسو سیدو عرف آشا، گھونور دیوگم، کائرا کوڈا، کاری کیم عرف گلانچی، ساوتری گوپ عرف موتوری اور پردیپ سنگھ منڈا شامل ہیں۔ ان کی عمر 18 سے 22 سال کے درمیان بتائی جاتی ہے ۔