تشدد اور پولیس فائرنگ میں ایک ہلاک
رانچی۔ 7 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) جھارکھنڈ اسمبلی انتخابات کے دوران آج تشدد کے واقعات پیش آئے ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ گملا کے پسائی اسمبلی حلقہ میں رائے دہلی کے دوران ایک گروپ نے سکیورٹی عملہ سے ان کے ہتھیار چھیننے کی کوشش کی۔ حالات بے قابو ہونے پر پولیس نے فائرنگ کردی جس میں ایک شخص ہلاک اور دیگر دو زخمی ہوگئے۔ علیحدہ اضلاع کے مطابق جھارکھنڈ اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں آج 20 حلقوں کیلئے رائے دہی ہوئی اور آخری خبریں ملنے تک 63.36 فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی تھی۔ سخت سکیورٹی انتظامات میں صبح 7 بجے رائے دہی کا آغاز ہوا۔ 18 نشستوں کیلئے دن میں 3 بجے تک ووٹنگ ہوئی تھی جبکہ جمشیدپور (ایسٹ) جہاں سے چیف منسٹر رگھوبر داس مقابلہ کررہے ہیں اور جمشید پور (ویسٹ) حلقوں میں 5 بجے تک ووٹنگ ہوئی، جھارکھنڈ چیف الیکٹورل آفیسر ونئے کمار چوبے نے بتایا کہ واقعہ کی تحقیقات کی جائے گی۔ دونوں حلقوں میں ووٹنگ کو روک دیا گیا۔ اس واقعہ کے بعد برہم دیہاتیوں کی سنگباری میں ایک پولیس عہدیدار بھی زخمی ہوا ہے۔