جھارکھنڈ کے سابق وزیراعلی شیبو سورین کا دیہانت

   

آج آخری رسومات‘ ریاست میں 3دن سوک کا اعلان‘مختلف قائدین کا خراج

رانچی۔4؍اگست ( ایجنسیز)جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ شیبو سورین کا دہلی کے گنگا رام ہاسپٹل میں دیہانت ہوگیا۔ 81 سالہ شیبو سورین گردوں سے متعلق عارضے میں مبتلا اور گزشتہ ایک ماہ سے زیر علاج تھے۔شیبو سورین کے بیٹے اور جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین آخری لمحات میں اپنے والدکے پاس تھے۔ ہیمنت سورین نے ایکس پر والد کی موت کی خبرشیئر کی۔انھوں نے لکھا کہ آج میں تہی دست ہوگیا ہوں۔ پچھلے کچھ دنوں سے ان کی حالت تشویشناک تھی اور وہ وینٹی لیٹر پر تھے۔شیبو سورین کو جھارکھنڈ میں’گروجی‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔ وہ جھارکھنڈ مکتی مورچہ کے بانی رہنماؤں میں سے ایک تھے اور انہوں نے قبائلی حقوق کی لڑائی میں اہم کردار ادا کیا۔ شیبو سورین نے علیحدہ جھارکھنڈ ریاست کیلئے تحریک کی قیادت کی اور تین بار ریاست کے وزیر اعلیٰ بھی رہے۔شیبو سورین کی قیادت میں جھارکھنڈ مکتی مورچہ نے قبائلی علاقوں میں سماجی اور سیاسی بیداری کی مہم شروع کی اور ریاست کو الگ شناخت دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔ان کی موت کی خبر عام ہوتے ہی پورے جھارکھنڈ میں سوگ کی لہر دوڑ گئی۔ ریاست میںتین دن کے سوگ کا اعلان کیا گیا ۔ سیاسی و سماجی تنظیموں نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ ان کے والد سوبرن مانجھی کے قتل کے بعد وہ سماجی اور سیاسی جدوجہد میں شامل ہوگئے تھے۔کل ان کی آخری رسومات تمام سرکاری اعزازات کے ساتھ ادا کی جائیں گی ۔ان کے دیہانت پر وزیر اعظم مودی‘ لوک سبھا میں قائد اپوزیشن راہول گاندھی ‘ صدر کانگریس ملکارجن گھرگے‘سونیا گاندھی‘ چیف منسٹر ٹاملناڈو ایم کے اسٹالن سمیت تمام اہم قائدین نے افسوس کا اظہار کیا اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔