رانچی:کانگریس لیڈر اور جھارکھنڈ کے دیہی ترقی کے وزیر عالمگیر عالم کو منی لانڈرنگ کیس میں جمعرات 16 مئی کو بڑا جھٹکا لگا۔ عدالت نے عالم کو 6 دن کے لیے ای ڈی ریمانڈ پر بھیج دیا ہے۔ عالمگیر عالم کو 15 مئی کو ای ڈی نے منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار کیا تھا جب ان کے اسسٹنٹ کے گھر سے نقدی برآمد ہوئی تھی۔ مرکزی تفتیشی ایجنسی نے انہیں آج ریمانڈ پر عدالت میں پیش کیا۔ دراصل 6 مئی کو ای ڈی نے عالمگیر عالم کے پرسنل سکریٹری سنجیو کمار لال (52) اور گھریلو ملازم جہانگیر عالم (42) کے گھر پر چھاپہ مارا تھا۔ مرکزی تفتیشی ایجنسی نے چھاپے میں 36 کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم ضبط کی تھی۔عالمگیر عالم نے حال ہی میں ای ڈی کے دعوے پر کہا تھا کہ ان کا نقدی برآمدی کے معاملہ سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ میں سنجیو کمار لال کی سرگرمیوں کے بارے میں نہیں جانتا ہوں۔ستمبر 2020 کا منی لانڈرنگ کیس جھارکھنڈ پولیس کی انسداد بدعنوانی برانچ (جمشید پور) کے ایک مقدمے سے منسلک ہے اور ریاست کے دیہی امور کے محکمہ کے سابق چیف انجینئر کے خلاف دہلی پولیس کے اقتصادی جرائم ونگ کے ذریعہ مارچ 2023 میں درج کی گئی ایف آئی آر میں وریندر کمار رام اور کچھ دوسرے لوگوں کو ملزم بنایا گیاہے۔رام کو گزشتہ سال ای ڈی نے گرفتار کیا تھا۔ ای ڈی نے دعویٰ کیا کہ رام ٹینڈر الاٹمنٹ اور کام کی انجام دہی میں کمیشن وصول کرتا تھا اور اپنے اعلیٰ افسران اور قائدین میں 1.5 فیصد کمیشن تقسیم کرتا تھا۔