جھانسی کے لوگ اب جھانسے میں نہیں آئیں گے : اکھلیش

   

جھانسی : اترپردیش کے بندیل کھنڈ میں تین روزہ انتخابی مہم پر گئے سماج وادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے جمعہ کو جھانسی میں ریاستی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ بندیل کھنڈ کے لوگوں نے بی جے پی کو مکمل حمایت کی لیکن ان کے ساڑھے چار سال کے اقتدار کے بعد یہاں کے لوگ خالی ہاتھ رہ گئے۔ اب جھانسی والے ان کے جھانسے میں نہیں آئیں گے، اس بار بندیل کھنڈ کے لوگ بی جے پی کو بے دخل کر دیں گے ، بندیل کھنڈ سے بی جے پی کا دروازہ بند ہوجائے گا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایس پی سربراہ نے کہاکہ بندیل کھنڈ کے لوگوں نے بی جے پی کی ڈبل انجن والی حکومت کو ووٹ دیا لیکن عوام خالی ہاتھ رہ گئے۔ اس حکومت نے بندیل کھنڈ کی ترقی کے لئے کوئی ٹھوس فیصلہ نہیں لیا۔یہاں تک کہ سابقہ حکومت میں جو کام چل رہے تھے، یہ حکومت انہیں بھی مکمل نہیں کرسکی، عوام اب سب کچھ سمجھ چکے ہیں۔ جھانسی کی مہارانی لکشمی بائی نے جس طرح انگریزوں کو بھگانے کا کام کیا تھا، اسی طرح بندیل کھنڈ کے لوگ لائن میں کھڑے ہوکر ان کے خلاف ووٹ دیں گے اور انہیں بندیل کھنڈ سے بھگانے کا کام کریں گے۔ نوجوانوں، کسانوں، تاجروں سمیت سماج کا ہر طبقہ بی جے پی حکومت کے دور میں زبردست مسائل کا سامنا کر رہا ہے ۔
ٹی ای ٹی پیپر افشاء معاملہ ، حکومت تحقیقات کرائے :اکھلیش
جھانسی: سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے صدر اکھلیش یادو نے حال ہی میں اساتذہ کی اہلیت کی بھرتی (ٹی ای ٹی) امتحان کے پرچہ افشاء ہونے کا سلسلہ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے آبائی ضلع گورکھپور سے جڑے ہونے امکانات کا حوالہ دیتے جمعہ کو حکومت سے اس کی گہرائی سے جانچ کرانے کی مانگ کی۔ اکھلیش نے یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ اس طرح سے اطلاع مل رہی ہے کہ ٹی ای ٹی امتحان کا پرچہ لیک ہونے کا کوئی مشتبہ ملزم بھی گورکھپور سے پکڑا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ اطلاع درست ہے تو یہ ایک سنگین معاملہ ہے اور کم از کم وزیر اعلیٰ یوگی کو اپنے آبائی ضلع سے اس سنسنی خیز معاملہ کے تعلق کی سنجیدگی سے تحقیقات کرانی چاہئے ۔