جھانوی کپور کا فلم ’پرم سندری‘ میں اپنے کردار کا انکشاف

   

ممبئی ، 24 اگست (ایجنسیز) بالی ووڈ اداکارہ جھانوی کپور ان دنوں اپنی آنے والی فلم ’پرم سندری‘ کے تعلق سے موضوعِ گفتگو ہیں جس میں وہ اداکار سدھارتھ ملہوترا کے ساتھ نظر آئیں گی۔ ریلیز سے قبل اداکارہ مختلف طریقوں سے فلم کی تشہیر کرتی ہوئی نظر آرہی ہیں۔ دریں اثنا، جھانوی کپور نے اپنی آنے والی فلم میں اپنے کردار کا انکشاف کیا ہے۔ جھانوی نے کہاکہ ’’ایک فنکار کے طور پر نہیں، بلکہ ایک ناظر کے طور پر، میں طویل عرصے سے کوئی رومانی کامیڈی فلم کرنا چاہتی تھی۔ ایسی ہلکی پھلکی رومانی فلم، جو چہرے پر مسکراہٹ لے کر آئے۔ آخر کار میں نے ایسی کہانی کا انتخاب کیا ہے، جو مجھے اپنی جڑوں میں واپس لے جاتی ہے۔ ‘‘ جھانوی نے فلم پرم سندری میں اپنے کردار کے بارے میں ایک دلچسپ بات بھی شیئر کی کہ ’’میں ملیالی نہیں ہوں، نہ میری ماں تھی لیکن فلم میں میرا کردار آدھا تمل اور آدھا ملیالی ہے۔‘‘ اپنے آنے والے پراجکٹس کے بارے میں جھانوی نے کہا کہ وہ کرن جوہر کی سنی سنسکاری میں ورون دھون کے مقابل نظر آئیں گی اور رام چرن کے ساتھ اپنی پہلی پیان انڈیا فلم ’پیڈی‘ میں اسکرین شیئر کریں گی۔