بی آر ایس زیادہ سے زیادہ لوک سبھا حلقوں پر کامیاب ہوگی : ہریش راؤ
حیدرآباد ۔ یکم ؍ مئی (سیاست نیوز) بی آر ایس کے سینئر رکن اسمبلی سابقہ وزیر ٹی ہریش راؤ نے بی جے پی پر ٹی آر ایس کے خلاف جھوٹی تشہیر کرنے اور فیک ویڈیوز منظرعام پر لانے کا الزام عائد کرتے ہوئے بی جے پی کے خلاف کارروائی کرنے کی الیکشن کمیشن سے اپیل کی۔ سدی پیٹ میں حلقہ لوک سبھا میدک بی آر ایس کے امیدوار وینکٹ رام ریڈی کی انتخابی مہم میں حصہ لیتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ بی جے پی اپنی کارکردگی سے زیادہ جھوٹ پھیلانے پر یقین رکھتی ہے لیکن اس مرتبہ تلنگانہ کے عوام بی جے پی کے بچھائے ہوئے جال میں پھسنے والے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات کے دوران بی جے پی نے اسمبلی حلقہ دوباک میں فیک ویڈیو تیار کرتے ہوئے اس کی عوام میں تشہیر کی۔ اب یہی فارمولا لوک سبھا انتخابات میں اپنانے کی کوشش کررہی ہے لیکن اس مرتبہ وہ اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔ہریش راؤ نے کہا کہ میدک کے علاوہ بی آر ایس پارٹی ریاست کے زیادہ سے زیادہ لوک سبھا حلقوں پر بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔2