جھوٹی خبروں کو پھیلانے کے خلاف واٹس اپ گروپ ایڈمنسٹریٹرس کو پولیس کا انتباہ

   

حیدرآباد ۔ 12 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : سٹی پولیس کمشنر انجنی کمار نے واٹس اپ گروپس کے ایڈمنسٹریٹرس کو انتباہ دیا کہ اگر ان کی جانب سے جھوٹی خبروں کو پھیلانے اور ویڈیوز ڈسٹریبیوٹ کرنے کی حوصلہ افزائی کی گئی تو ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی ۔ انجنی کمار نے کہا کہ ’ اگر ویڈیوز کے سرکیولیشن سے کوئی فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا ہو تو ہم ویڈیو بنانے اور انہیں سرکیولیٹ کرنے کے لیے ذمہ دار افراد کی نشاندہی کریں گے اور ہم انہیں گرفتار کریں گے ‘ ۔ شہر کی گنگا جمنی تہذیب کی اہمیت و افادیت کو اجاگر کرتے ہوئے ایک آڈیو میسیج کے ذریعہ ایک ٹوئیٹ میں انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ شہر میں فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کرنے کے لیے واٹس اپ گروپس میں پیش کئے جارہے ویڈیوز کو شیر نہ کریں اور ان پر توجہ نہ دیں ۔ یہ کہتے ہوئے کہ یہ حیدرآباد سے اپنی محبت کے اظہار کا وقت ہے انجنی کمار نے عوام سے اپیل کی کہ شہر کی گنگا جمنی تہذیب کو برقرار رکھیں اور ان طاقتوں کے ناپاک عزائم کو شکست دیں جو حیدرآباد کی ایک گلوبل سٹی کے طور پر ترقی سے حسد کا شکار ہیں ۔ انجنی کمار نے چند ویڈیوز آڈیو میسیجس کے سرکیولیشن کے بعد عوام سے شہر میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھائی چارہ کی فضا کو برقرار رکھنے کی اپیل کی ۔ ایک خصوصی ویڈیو میں ایک شخص نے دعویٰ کیا کہ شہر میں گڑبڑ کرنے چند گروپس کے منصوبے ہیں ۔ سٹی پولیس نے اس طرح کی کسی اطلاع کی تردید کی ۔ افواہوں پر یقین نہ کرنے کی عوام سے اپیل کرتے ہوئے کمشنر پولیس نے کہا کہ بعض اشخاص شہر میں امکانی تشدد کے ویڈیو میسیجس روانہ کررہے ہیں جو بالکل جھوٹے میسیج ہیں اور یہ ویڈیو بنانے والا شخص کوئی اور ریاست کا معلوم ہوتا ہے ۔ میں عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ اس طرح کے ویڈیوز پر یقین نہ کریں ۔۔