نئی دہلی: گجرات کے وکیل بلال کاگزی جو دلتوں، قبائیلوں اور پچھڑے طبقات کے حقوق کیلئے آواز اٹھانے کیلئے جانے جاتے ہیں، جھوٹے مقدمات میں مبینہ طور پر ماخوذ کرنے کے خوف سے روپوش ہوگئے ہیں۔ گذشتہ تین ماہ سے وہ گرفتاری سے بچنے کیلئے روپوش ہیں۔ سورت میں پولیس نے انہیں مبینہ طور پر قتل کیس میں ماخوذ کرنے کی کوشش کی اور اب وہ ان کو گرفتار کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ بلال کاگزی نے کہا کہ گذشتہ 9 ماہ کے دوران سورت پولیس نے دفعہ 307 کے تحت قتل کی کوشش کے تین مقدمات کے بشمول چار کیسیں ان کے نام پر درج کی ہیں۔ 39 سالہ بلال نے اپنے خفیہ مقام سے فون پر بتایا کہ قومی انسانی حقوق کمیشن کی مداخلت سے انہیں کچھ راحت ملی ہے۔ قومی انسانی حقوق کمیشن نے گجرات کے چیف سکریٹری وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا ہے اور انہیں فوری ایک لاکھ روپئے کا معاوضہ دینے کا حکم دیا ہے۔