جھگی بستی میں آتشزدگی سے متاثرہ خاندانوں کی ممکنہ مدد : ریکھا گپتا

   

نئی دہلی، 8 نومبر (یو این آئی) دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے کہا کہ رٹھالہ میٹرو اسٹیشن کے قریب جھگی بستی میں آگ پر قابو پا لیا گیا ہے اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے ۔ ریکھا گپتا نے ہفتہ کے روز کہا کہ رٹھالہ میٹرو اسٹیشن کے قریب جے جے کلسٹر کی جھگی بستی میں کل دیر رات لگنے والی آگ پر پوری طرح سے قابو پالیا گیا ہے ۔ زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا، اور متاثرہ علاقہ میں راحت رسانی اور بازآبادکاری کا کام تیزی سے جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی انتظامیہ نے فوری طور پر تمام ضروری اقدامات کیے ہیں۔ آگ پر قابو پانے کے لیے اضافی ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔ متاثرہ لوگوں کے لیے کھانے پینے کے پانی کا بندوبست کیا گیا ہے ۔ عارضی پناہ گاہیں قائم کی جا رہی ہیں، جبکہ رٹھالہ کمیونٹی سینٹر میں مستقل امدادی مرکز کام کر رہا ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سی اے ٹی ایمبولینس اور میڈیکل ٹیمیں 24 گھنٹے تعینات ہیں۔ دہلی میونسپل کارپوریشن ملبہ صاف کر رہی ہے اور محکمہ ریونیو متاثرہ خاندانوں کی تصدیق کر رہا ہے ۔ انتظامیہ صورتحال پر گہری نظر رکھی ہوئی ہے ۔ دہلی حکومت متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن مدد فراہم کر رہی ہے ۔