جھیرم قتل کی تحقیقات میں بی جے پی سب سے بڑی رکاوٹ :بھوپیش

   

جگدل پور: چھتیس گڑھ کے وزیر اعلی بھوپیش بگھیل نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) جھیرم قتل معاملے کے سلسلے میں تفتیشی عمل میں بار بار رکاوٹیں کھڑی کرتی ہے ۔ یہ بات سمجھ سے بالا ہے کہ بی جے پی تحقیقات کیوں نہیں چاہتی۔آج یہاں وادی جھیرم میں شہید لیڈروں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد مسٹر بگھیل نے کہا کہ ہم نے جھیرم واقعہ کو اجاگر کرنے کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے ۔ شہید نند کمار پٹیل کے بیٹے ادے مدلیار نے بھی ایف آئی آر درج کرائی۔ اس معاملے کی تحقیقات کے لیے این آئی اے کو بھی مقرر کیا گیا تھا۔ اس کے بعد ہم نے جانچ کے لیے ایس آئی ٹی بھی تشکیل دی۔ لیکن ہر بار بی جے پی کے لوگ تحقیقات کو روکنے کے لیے عدالت پہنچ جاتے ہیں۔انہوں نے الزام لگایا کہ اس جھرم وادی معاملے میں سیکورٹی فراہم کرنے کی ذمہ داری سابقہ حکومت کی تھی، جو اس نے نہیں کی۔ روڈ تبدیل ہوا، افواہیں پھیلائی گئیں۔ تحقیقات میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی گئی۔ اس وقت ہم نے گورنر اور صدر کو مسلسل میمورنڈم دیے کہ جو افسران یہاں تعینات کیے گئے ہیں ان کو تبدیل کیا جائے ۔ لیکن آپ سب نے دیکھا کہ کس طرح اس وقت کی بی جے پی حکومت نے اس تحقیقات میں رکاوٹ ڈالنے اور تاخیر کرنے کی کوشش کی۔