لینڈ گرابرس کے تعاقب کے لیے محکمہ مال کی سعی لا حاصل
حیدرآباد ۔ 7 ۔ جولائی : ( ایجنسیز ) : سسٹم میں ’ ایکلیز ہیل ‘ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے راجندر نگر اور اس کے اطراف کے علاقوں میں لینڈ گرابرس موسیٰ ندی ، تالابوں ، جھیلوں اور حتیٰ کہ سرکاری اراضیات پر بھی ناجائز قبضے کرنے کی بے خوفی کے ساتھ بار بار کوششیں کررہے ہیں جب کہ محکمہ مال کے عہدیدار سعی لاحاصل میں مصروف ہیں ۔ یہ عہدیدار بظاہر یہ دعویٰ کررہے ہیں کہ وہ اس طرح کے واقعات کا تدارک کرنے کے لیے پس پردہ لینڈ گرابرس کا تعاقب کررہے ہیں ۔ گذشتہ دو ہفتوں کے دوران راجندر نگر علاقہ میں غیر قانونی قبضوں کے تقریبا تین واقعات ہوئے جس کی وجہ ریونیو کے عہدیدار پس منظر میں رہتے ہوئے لینڈ شارکس کا تعاقب کرنے میں مصروف ہوگئے ہیں ۔ لینڈ شارکس نے پہلے موسیٰ ندی کے فرنٹ پر ناجائز قبضہ کرنے کی کوشش کی اس کے بعد میلار دیوپلی علاقہ میں اپاچیرو جھیل اور سرکاری اراضی میں داخل ہونے کی کوشش کی ۔ موسیٰ ندی کے فرنٹ پر حیدرگوڑہ کی جانب بیجا مداخلت کرنے کی پہلی کوشش کی ۔ رپورٹ 22 جون کو ملی جس پر فوری طور پر عہدیدار موقع پر پہنچ گئے اور بند نالہ کو صاف کرنے کے علاوہ پردے کے پیچھے سے اس طرح کی کوشش کرنے والوں کو دور کرنے کے لیے مقامی پولیس کی مدد لی ۔ تاہم اس کے ایک ہفتہ بعد ہی گگن پہاڑ علاقہ میں اپاچیرو جھیل پر اس طرح کی ایک اور کوشش کرنے کی بات معلوم ہوئی ۔ عہدیداروں نے درپردہ مقاصد سے اس جھیل کے علاقہ میں کنکر ، پتھر وغیرہ بھرنے پر یکم جولائی کو تین لاریوں کو ضبط کرلیا ۔ شمس آباد پولیس ان گاڑیوں کو تحویل میں رکھتے ہوئے اس معاملہ کی تحقیقات کررہی ہے ۔ 3 جولائی کو بھی راجندر نگر کے تحت میلار دیوپلی علاقہ میں مزید ایک غیر مجاز قبضہ کرنے کی کوشش کی اطلاع ملی جس پر ریونیو کے عہدیداروں نے مقامی پولیس کی مدد سے سرکاری اراضی پر پتھر کو دھماکوں سے نکالنے کے کام کو روک دیا ۔ کے چندر شیکھر ، منڈل ریونیو آفیسر ، راجندر نگر نے دعویٰ کیا کہ ہم نے حیدرگوڑہ کی جانب موسیٰ ندی کے فرنٹ حصہ پر غیر قانونی قبضہ کو برخاست کردیا ہے اور اس علاقہ کی متواتر نگرانی کررہے ہیں ۔ ہم نے گگن پہاڑ علاقہ میں اپاچیرو جھیل میں بیجا مداخلت کرنے پر تین گاڑیوں کو بھی تحویل میں لے لیا اور انہیں ایرپورٹ پولیس کے حوالہ کیا ۔ ہم جھیل کے علاقہ کی حد بندی کرنے اور حقیقی اسپاٹ معلوم کرنے کے لیے جہاں غیر قانونی قبضے ہوئے پھر تازہ سروے کریں گے ۔ اس طرح ہم نے ہفتہ کو میلار دیوپلی کے تحت سروے نمبر 52 میں سرکاری اراضی غیر مجاز قبضہ کی ایک اور کوشش کو روک دیا ۔ موسیٰ ندی پر اور راجندر نگر میں جھیلوں اور سرکاری اراضیات پر غیر قانونی قبضوں کو روکنے کے لیے مسلسل نگرانی اور بروقت کارروائی کی جارہی ہے ۔۔