جہانگیر پوری تشدد معاملے میں 8 ملزمین کی ضمانت کو عدالت نے کیا خارج، عدالت نے دہلی پولیس کو لگائی ڈانٹ

   

نئی دہلی: دہلی کے جہانگیر پوری علاقے میں 16 اپریل کو ہنومان جینتی کے موقع پر نکالے گئے ایک جلوس کے دوران ہوئے فرقہ وارانہ تشدد کے معاملے میں مقامی عدالت نے اتوار کو 8 ملزمین کو ضمانت دینے سے انکار کردیا ہے۔ ساتھ ہی اس معاملے میں پولیس کے ذریعہ کوتاہی برتے جانے پر انہیں پھٹکار لگائی ہے۔ عدالت نے کہا ہے کہ آٹھوں ملزم علاقے کے مشہور مجرم ہیں اور اگر انہیں چھوڑ دیا جاتا ہے تو یہ لوگ گواہوں کو متاثر کرسکتے ہیں۔ جج نے اس معاملے میں پولیس کو لتاڑ لگاتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس غیر قانونی ریلی کو روکنے میں ناکام رہی ہے۔ عدالت نے دہلی پولیس کمشنر سے کہا ہے کہ وہ اس معاملے کی جانچ کریں اور قصور وار پولیس افسران کی جوابدہی طے کریں۔