پٹنہ، 2 نومبر (یو این آئی) بہار میں 11نومبر کو دوسرے مرحلے میں ہونے والے 122 اسمبلی حلقوں کے انتخابات میں جہان آباد ضلع کی تمام تینوں سیٹوں پر مہا گٹھ بندھن اور این ڈی اے کے امیدواروں کے درمیان زبردست اور دلچسپ مقابلہ ہونے کا امکان ہے ۔ جہان آباد ضلع کی تینوں سیٹیں جہان آباد، گھوسی اور مخدوم پور، اس وقت مہا گٹھ بندھن کے قبضے میں ہیں۔ جہان آباد اور مخدوم پور پر راشٹریہ جنتا دل کا قبضہ ہے جبکہ گھوسی سیٹ بھارتیہ کمیونسٹ پارٹی کے پاس ہے ۔ جہان آباد اسمبلی سیٹ پر اس بار دلچسپ انتخابی مقابلہ دیکھنے کو مل رہا ہے ۔ سابق ایم ایل اے مندریکا سنگھ یادو کے بیٹے اور موجودہ آر جے ڈی ایم ایل اے اس بار ارول ضلع کی کرتھا سیٹ سے انتخاب لڑ رہے ہیں۔ آر جے ڈی نے یہاں سابق ایم پی جگدیش شرما کے بیٹے اور سابق ایم ایل اے راہول شرما کو امیدوار بنایا ہے ۔ راہول شرما نے حال ہی میں جے ڈی یو سے ناطہ توڑ کر آر جے ڈی کا دامن تھاما ہے ۔ وہیں جے ڈی یو نے یہاں سابق ایم پی چندریشور چندر ونشی پر بھروسہ کرتے ہوئے انہیں انتخابی میدان میں اتارا ہے ۔ اس سیٹ پر اس بار 11 امیدوار میدان میں ہیں۔ گھوسی اسمبلی سیٹ سے بھارتیہ کمیونسٹ پارٹی نے موجودہ ایم ایل اے رام بلی سنگھ کو دوبارہ میدان میں اتارا ہے ۔
، جو دوسری بار اپنی سیاسی طاقت دکھانے کیلئے تیار ہیں۔ جے ڈی یو نے یہاں سابق ایم پی ارون کمار کے بیٹے رتوراج کمار کو امیدوار بنایا ہے ۔ گھوسی سیٹ پر بھی 11 امیدوار اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔ مخدوم پور سیٹ پر آر جے ڈی نے موجودہ ایم ایل اے ستییش کمار کو ٹکٹ نہیں دیا ہے ۔ پارٹی نے یہاں سابق ایم ایل اے سوبیدار داس کو امیدوار بنایا ہے ۔ لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس) کی جانب سے ضلع کونسل کی چیئرپرسن رانی کماری امیدوار ہیں۔ اس سیٹ پر اس بار 9 امیدوار اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ کیا آر جے ڈی ایک بار پھر اپنا قلعہ بچا پائے گی یا پھر لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس) یہاں کامیابی حاصل کرے گی۔