حیدرآباد ۔12۔ڈسمبر (سیاست نیوز) اسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سیول رائٹس (APCR) تلنگانہ چیاپٹر کے زیر اہتمام 13 ڈسمبر کو ’’جمہوریت کی حفاظت، شہری حقوق ، آزادی اور انصاف‘‘ کے عنوان پر اجلاس منعقد ہوگا۔ نہرو آڈیٹوریم مدینہ ایجوکیشن سنٹر میں جمعہ کو شام 6.30 بجے پروگرام میں سماجی جہد کار ندیم خاں اور صحافی محمد زبیر (فیاکٹ چیکر) کے خلاف مقدمات میں انصاف اور شفافیت کا مطالبہ کرتے ہوئے کئی جہد کار اور قانونی ماہرین اظہار خیال کریں گے ۔ گزشتہ دنوں جہد کار ندیم خاں اور صحافی محمد زبیر کے خلاف کئی مقدمات درج کرتے ہوئے ہراساں کیا جارہا ہے ۔ ندیم خاں کی گرفتاری پر دہلی ہائی کورٹ نے روک لگادی ہے۔ اجلاس سے خطاب کرنے والوں میں سینئر ایڈوکیٹ و سابق صدر تلنگانہ ہائی کورٹ ایڈوکیٹ اسوسی ایشن رگھو ناتھ، ریٹائرڈ جج ہائی کورٹ جسٹس بی چندر کمار ، ریٹائرڈ جج جیکب موڈی، ڈاکٹر جی ونود کمار سابق ڈین فیکلٹی آف لاء عثمانیہ و تلنگانہ یونیورسٹی، جناب محمد عبدالعزیز صدر ایم پی جے تلنگانہ ، شریمتی پدمجا شاہ ریٹائرڈ پروفیسر عثمانیہ یونیورسٹی اور تلنگانہ ہائی کورٹ کے سینئر وکلاء میر مسعود خاں، شیخ سیف اللہ ، مظفر اللہ خاں ، محترمہ افسر جہاں، محترمہ ماریہ عارف الدین ڈائرکٹر مدینہ ایجوکیشن سنٹر اور دوسرے شامل ہیں۔ اسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سیول رائٹس نے جمہوریت کے تحفظ اور مساوی انصاف کو یقینی بنانے کیلئے اجلاس میں شرکت کی اپیل کی۔ 1