حکومت کا فیصلہ ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے ریاستی ڈی جی پی انجنی کمار کو احکامات جاری کئے
حیدرآباد ۔ 17 جون (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے سی آر نے انسانی حقوق کے جہدکار و حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی کے ریٹائرڈ پروفیسر ہرگوپال اور دیگر دانشوروں اور جہدکاروں کے خلاف درج کردہ ملک سے غداری کے مقدمات سے دستبرداری اختیار کرنے کی ریاستی ڈی جی پی انجنی کمار کو ہدایت دی ہے۔ پروفیسر ہر گوپال کے علاوہ دوسروں کے خلاف (UAPA) مقدمات درج کردیئے گئے تھے جس پر اپوزیشن جمعاتوں، جہدکاروں، دانشوروں اور مختلف رضاکارانہ تنظیموں کے نمائندوں نے اس فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے سخت ردعمل کا اظہار کیا تھا جس کا چیف منسٹر کے سی آر نے سنجیدگی سے جائزہ لیا۔ حکومت نے (UAPA) کیسیس سے دستبرداری اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں ڈی جی پی انجنی کمار کو چیف منسٹر کے سی آر نے احکامات بھی جاری کئے۔ واضح رہیکہ 19 اگست 2022ء کو ضلع ملگ کے تاڈوائے پولیس اسٹیشن میں پروفیسر ہراگوپال کے بشمول 152 مجاہدین، دانشوروں اور جہدکاروں کے خلاف ملک سے غداری کا مقدمہ درج ہوا تھا۔ غیرقانونی سرگرمیوں کی روک تھام ایکٹ (یو اے پی اے) اسلحہ ایکٹ اور تعزیرات ہند کی 10 دفعہ کے تحت مقدمات درج کئے گئے تھے۔ ملزمین میں پروفیسر ہرگوپال، پروفیسر گڈم لکشمن، ممبئی ہائیکورٹ کے سابق جج سریش، پروفیسر پدمجاشاہ ہائیکورٹ کے سینئر وکیل وی رگھوناتھ، چکڈو پربھاکر کے علاوہ دوسرے شامل تھے۔ن