دوبئی ۔ 11 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بحرین نے جمعہ کے روز اقوام متحدہ کی اس اپیل کو خارج کردیا جس میں جہدکار نبیل رجب کو رہا کئے جانے کی درخواست کی گئی تھی۔ بحرین نے استدلال پیش کیا کہ رجب سات سال کی سزائے قید بھگت رہا ہے جو اسے فرضی ٹوئیٹس پوسٹ کرنے کی پاداش میں سنائی گئی تھی اور قانون کے مطابق وہ ٹوئیٹس آزادیٔ اظہارخیال کے زمرے میں نہیں آتے۔ یاد رہیکہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق دفتر نے بحرین سے اپیل کی تھی کہ نبیل رجب کو فوری اور غیرمشروط طور پر رہا کیا جائے جس کے بعد جنرل ڈائرکٹوریٹ آف اینٹی کرپشن اینڈ اکنامک اینڈ الیکٹرانک کرائمس نے یہ ریمارک کیا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ایک بار پھر ضروری ہے رجب نے 2011ء میں شیعوں کی قیادت میں حکومت مخالف احتجاج میں کلیدی رول ادا کیا تھا تاہم 31 ڈسمبر کو سزاء کے خلاف دائر کی گئی اپیل مسترد کردی گئی تھی۔ بحرین کی سپریم کورٹ جس کے فیصلے قطعی اور آخری ہوتے ہیں، نے نبیل رجب کی سزاء کو برقرار رکھا ہے۔