۔ 35 مقدمات میں 47 دنوں سے جیل میں
حیدرآباد۔/13 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) جہد کار اور صحافی تین مار ملنا کے خلاف حکومت کی جانب سے متواتر مقدمات کے ذریعہ جیل میں رکھنے کی سازش پر میڈیا گھرانوں اور صحافیوں کی تنظیموں کو متحرک ہونا چاہیئے۔ بی جے پی کے سینئر لیڈر جی نارائن ریڈی نے صحافی برادری اور میڈیا گھرانوں سے اپیل کی کہ وہ ملنا کی تائید میں آواز بلند کریں اور مقدمات سے دستبرداری کا مطالبہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا گھرانوں اور صحافیوں کی تنظیموں کو چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی ڈکٹیٹر شپ کے خلاف آواز اٹھانی چاہیئے کیونکہ حکومت کا یہ انتقامی جذبہ دراصل صحافتی آزادی اور بنیادی حقوق پر حملہ کے مترادف ہے۔ صحافیوں کو اپنے ساتھی ملنا کو مظالم سے بچانے کی مہم چلانی ہوگی۔ نارائن ریڈی نے بتایا کہ تین مار ملنا کو 27 اگسٹ کو گرفتار کیا گیا اور وہ گزشتہ 47 دنوں سے عدالتی تحویل میں ہیں۔ ضمانت کی تکمیل کے ساتھ ہی نئے مقدمات کے تحت گرفتار کیا جارہا ہے۔ ایم ایل سی انتخابات میں ملنا نے ٹی آر ایس کے خلاف مقابلہ کیا تھا اور وہ حکومت کی پالیسیوں پر مسلسل تنقید کررہے ہیں لہذا چیف منسٹر کی ایماء پر 35 جھوٹے مقدمات درج کئے گئے۔ نارائن ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر نہ صرف ملنا بلکہ ایسے تمام صحافیوں اور جہد کاروں کے حوصلے پست کرنا چاہتے ہیں جو حکومت کی پالیسیوں پر نکتہ چینی کررہے ہیں۔ مخالفین کی آواز کچلنے کیلئے کے سی آر کے پاس مقدمات درج کرنے کے علاوہ کوئی اور راستہ نہیں ہے۔ر