جہد کار و صحافی تین مار ملنا کی بی جے پی میں شمولیت

   

نئی دہلی میں تقریب، کے سی آر کے خلاف جدوجہد کا اعلان

حیدرآباد۔/7 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) صحافی و جہد کار نوین کمار عرف تین مار ملنا نے آج بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی۔ نئی دہلی میں بی جے پی دفتر میں آندھرا پردیش امور کے انچارج ترون چگ نے انہیں پارٹی میں شامل کرتے ہوئے رکنیت کی رسید حوالے کی۔ اس موقع پر بی جے پی کے ریاستی صدر بنڈی سنجے، رکن پارلیمنٹ ڈی اروند، تلنگانہ جہد کار وٹھل، جی ویویک اور دیگر قائدین موجود تھے۔ اس موقع پر ترون چگ نے کہا کہ تین مار ملنا کو کے سی آر حکومت کی جانب سے فرضی مقدمات کے ذریعہ ہراساں کیا گیا۔ صحافیوں اور جہد کاروں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ گریجویٹ الیکشن میں تین مار ملنا نے ایک لاکھ 49 ہزار ووٹ حاصل کرتے ہوئے نوجوانوں میں اپنی مقبولیت کا ثبوت دیا ہے۔ بی جے پی میں شمولیت سے عوامی تحریکات کو استحکام حاصل ہوگا۔ اس موقع پر تین مار ملنا نے کہا کہ بی جے پی کی رکنیت سازی کی رسید دراصل 15 فیٹ طویل رسی ہے جس کے ذریعہ وہ بدعنوانیوں میں ملوث کے سی آر اور ان کے خاندان کو شہیدان تلنگانہ کی یادگار پر باندھ دیں گے۔ انہوں نے کے سی آر کو دنیا کا انتہائی دھوکہ باز شخص قرار دیا ۔ بی جے پی میں شمولیت کا مقصد کے سی آر حکومت کے خلاف مسلسل جدوجہد ہے۔ میرے خلاف 38 مقدمات درج کئے گئے ۔ پولیس اور ججس نے بھی مقدمات پر افسو کا اظہار کیا۔رکن پارلیمنٹ ڈی اروند نے تین مار ملنا کا پارٹی میں استقبال کیا اور کہا کہ تلنگانہ کے دیگر جہد کاروں کو بی جے پی میں شمولیت اختیار کرنی چاہیئے۔ر