جہیز ہراسانی سے فوت خاتون کے سسرالی رشتہ داروں کو عمر قید کی سزا

   

حیدرآباد۔/16 نومبر، ( سیاست نیوز) نامپلی کی عدالت نے جہیز ہراسانی کیلئے فوت خاتون کے کیس میں فیصلہ سنایا ہے۔ اور خاتون کے شوہر کے علاوہ ساس ، خسر اور اس کی ایک رشتہ دار خاتون کو عدالت نے عمر قید کی سزا سنائی ہے۔ آصف نگر پولیس اسٹیشن کے سال2014 کے ایک مقدمہ میں عدالت نے آج فیصلہ سنایا۔ جھرہ علاقہ کی خاتون نے سال 2014 میں اپنی دونوں لڑکیوں کے ہمراہ خودکشی کرلی تھی۔ اسی وقت آصف نگر پولیس نے متوفی خاتون کی والدہ کی شکایت پر مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا تھا اور آج اس مقدمہ میں عدالت نے فیصلہ سنایا۔ ملزمین 23 سالہ نواز( شوہر )، 42 سالہ رضیہ بیگم (ساس ) ، 45 سالہ ابراہیم ( خسر ) اور 30 سالہ رئیسہ نواز کی رشتہ دار خاتون آصف نگر پولیس کے مطابق نواز کے اس خاتون کے ساتھ مبینہ طور پر ناجائز تعلقات تھے کو عمر قید کی سزا سناتے ہوئے 4 ہزار روپئے فی کس جرمانہ عائد کیا ہے۔آصف نگر جھرہ کے علاقہ میں اس واقعہ سے اس وقت سنسنی پیدا ہوگئی تھی جب اس خاتون نے اپنی دونوں لڑکیوں کے ہمراہ انتہائی اقدام کیا تھا اور اس منظر کو دیکھنے کے بعد مقامی عوام کی بھی آنکھیں نم ہوگئی تھیں۔ماں اور بیٹیوں کی نعشوں کو دیکھ کرعوام اور رشتہ داروں نے خاطیوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا تھا۔ آصف نگر پولیس نے اس سلسلہ میں زبردست کارروائی انجام دی۔ متوفی خاتون کو زائد جہیز کیلئے شوہر ، ساس اور خسر پریشان کرتے تھے اور اس خاتون کو اذیتوں کا سامنا تھا جبکہ اس کا شوہر اس کی آنکھوں کے سامنے رشتہ دار خاتون سے مبینہ طور پر ناجائز تعلقات کو نبھارہا تھا اور خاتون کو زائد جہیز کیلئے اذیت پہنچائی جارہی تھی۔ع