حیدرآباد ۔ یکم اکٹوبر (سیاست نیوز) شہر میں سرگرم جیب کتروں کی ایک ٹولی کو بے نقاب کرتے ہوئے ٹاسک فورس ویسٹ زون ٹیم نے 5 جیب کتروں کو گرفتار کرلیا ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ٹاسک فورس مسٹر رادھا کشن راؤ نے کہا کہ اس ٹولی کا سرغنہ 28 سالہ ویمولا راجو ہے جو اپنے ساتھیوں جے ناگیشور راؤ ، جے کونڈل راؤ ، جے ناگراجو اور ایس ناگراجو کی مدد سے حیدرآباد اور سائبر آباد میں سرقہ کی وارداتوں میں ملوث ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ویمولا راجو کا تعلق حیدرآباد سے ہے اور اس کی ماں کونڈماں بھی عادی سارق ہے اور کئی جیب کترنے کے واقعات میں ملوث ہے ۔ مذکوہ ٹولی کے سرغنہ راجو کار ڈرائیور کے بھیس میں سرقہ کیا کرتا تھا اور /27 ستمبر کو آلیر اگریکلچرل مارکٹنگ کمیٹی کے چیرمین کے 52 ہزار روپئے اڑا لئے تھے ۔ اسی طرح علاقہ بنجارہ ہلز میں بھی پک پاکیٹنگ کی وارداتوں میں ملوث ہے ۔ مذکورہ ٹولی کے ارکان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے ان کے قبضے سے 91 ہزار کیاش ، ایک کار اور موبائیل فون ضبط کرلئے ۔