جیرڈ کشنر اور نیتن یاہو کا جنگ بندی منصوبہ پر غور

   

تل ابیب، 11 نومبر (یو این آئی) امریکی ثالث جیرڈ کشنر اور اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو کے درمیان غزہ میں جنگ بندی کے دوسرے مرحلے پر بات چیت ہوئی ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ واشنگٹن نے نازک جنگ بندی کو برقرار رکھنے کیلئے کوششیں تیز کر دی ہیں۔ دریں اثناء، نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیل غزہ کے ساتھ ساتھ لبنان میں بھی جنگ بندی کو “آہنی مٹھی” سے نافذ کرے گا۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے داماد کشنر نے مغربی القدس میں نیتن یاہو سے ملاقات کی جو جنگ بندی کو مستحکم کرنے اور اس کے اگلے مرحلے کی بنیاد رکھنے کی امریکی کوششوں کا حصہ ہے ۔ اسرائیلی حکومت کی ترجمان شوش بیڈروسیان نے کہا کہ دونوں نے حماس کو غیر مسلح کرنے ، غزہ کو غیر فوجی بنانے اور بین الاقوامی استحکام فورس کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔ بیڈروسیان نے کہا کہ دونوں نے مل کر پہلے مرحلے پر تبادلہ خیال کیا جس میں باقی اسرائیلی یرغمالیوں کی واپسی شامل تھی ۔منصوبے کے دوسرے مرحلے کے مستقبل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جس میں حماس کو غیر مسلح کرنا، غزہ کو غیر فوجی علاقہ بنانا اور اس بات کو یقینی بنانا شامل ہوگا کہ غزہ کے مستقبل میں حماس کا کوئی کردار نہیں رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دوسرے مرحلے میں ایک بین الاقوامی استحکام فورس کا قیام بھی شامل ہے جو ٹرمپ کے جنگ بندی کے منصوبے کا ایک اہم عنصر ہے ۔ غزہ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فورسز نے جنگ بندی کے آغاز کے بعد سے اب تک کم از کم 242 فلسطینیوں کو ہلاک کیا ہے ۔ نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیل “جنگ بندی کے معاہدوں کو آہنی مٹھی سے نافذ کرے گا ۔ترکیہ، مصر اور قطر اُن ممالک میں شامل ہیں جن کی مجوزہ استحکام فورس میں شرکت کی توقع ہے ، حالانکہ متحدہ عرب امارات نے کہا ہے کہ وہ واضح آپریشنل فریم ورک کے بغیر اس میں شامل نہیں ہوں گے۔
جنگ بندی کے آغاز کے بعد سے حماس نے 20 زندہ یرغمالیوں اور 24 قیدیوں کی باقیات واپس کی ہیں ، جبکہ اسرائیل نے تقریبا 2،000 قیدیوں کو رہا کیا ہے اور 315 فلسطینیوں کی لاشیں حوالے کی ہیں۔ پیش رفت کے باوجود فلسطینیوں کا کہنا ہے کہ وہ اب بھی فائرنگ اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر پابندیاں عائد ہونے کی وجہ سے خود کو غیر محفوظ محسوس کرتے ہیں۔