جیسوال نے 45 سال قدیم قومی ریکارڈ توڑ دیا

   

کانپور ۔ کانپور ٹسٹ میں ٹیم انڈیا نے کرشماتی کامیابی درج کی۔ کانپور میں بارش کی وجہ سے صرف ڈھائی دن کا کھیل ہی کھیلا جا سکا لیکن اس کے باوجود ٹیم انڈیا نے بنگلہ دیش کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ اس طرح ٹیم انڈیا نے بنگلہ دیش کو بھی ٹسٹ سیریز میں2-0 سے کلین سویپ کیا۔ ٹیم انڈیا کی اس شاندار سیریزکی جیت میں یشسوی جیسوال نمبر ایک بیٹر ثابت ہوئے۔ بائیں ہاتھ کے اوپنر نے سیریز میں سب سے زیادہ 189 رنز بنائے۔ انہوں نے چار میں سے تین اننگز میں نصف سنچریاں بنائیں اور ان کی بیٹنگ اوسط 47.25 تھی۔ جیسوال نے کانپور ٹسٹ کی دونوں اننگز میں نصف سنچریاں بنائیں اور اپنی تمام شاندار اننگز کے درمیان یشسوی جیسوال نے ایک بڑا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔ جیسے ہی جیسوال نے کانپور ٹسٹ کی دوسری اننگز میں پچاس رنز بنائے، وہ ایک سال میں گھریلو ٹسٹ میں سب سے زیادہ 50 رنز کی اننگز بنانے والے کھلاڑی بن گئے۔ جیسوال نے اس سال گھریلو ٹسٹ مقابلوں میں پچاس سے زیادہ رنزکی 8 اننگز کھیلی ہیں۔ پہلی بار سال 1979 میں گنڈپا وشواناتھ نے ایک سال میں 7 بار50 سے زیادہ رنزکی اننگز کھیلی تھی۔ سہواگ، پجارا اور راہول ڈراویڈ بھی فی کس7 بار یہ کارنامہ انجام دینے میں کامیاب ہوئے، لیکن ان سب کو جیسوال نے پیچھے چھوڑدیا۔ جیسوال کوکانپور ٹسٹ میں شاندار اننگزکے لیے پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ ملا۔ یہ ایوارڈ جیتنے کے بعد جیسوال نے کہا کہ وہ صرف ٹیم کے لیے اچھا مظاہرہ کرنے کا سوچ رہے تھے۔ کانپور کی صورتحال چنئی سے مختلف تھی۔ روہت بھائی نے انہیں کھل کرکھیلنے کی ہدایت دی اور انہوں نے ایسا ہی کیا۔ جیسوال نے کہا کہ وہ ہر میچ کے لیے بہترین تیاری کرتے ہیں۔ صرف 11 میچوں میں انہوں نے 64 سے زیادہ کی اوسط سے 1217 رنز بنائے ہیں۔ جیسوال اب تک 3 سنچریاں اور7 نصف سنچریاں بنا چکے ہیں۔ سال 2024 کی بات کریں تو جیسوال نے66.35 کی اوسط سے 929 رنز بنائے ہیں اور حیرت انگیز بات یہ ہے کہ ان کا اسٹرائیک ریٹ بھی80 سے زیادہ ہے۔ جیسوال نے اب تک چار ٹسٹ سیریز کھیلی ہیں اور ان میں سے تین میں رن بنائے ہیں۔ انہوں نے انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنائے۔ انہوں نے ویسٹ انڈیز کے دورے پر 266 رنز بنائے تھے، لیکن وہ جنوبی افریقہ میں ناکام رہے لیکن موجودہ فام سے امید کی جا رہی ہے وہ آسٹریلیا میں کامیاب ہوں گے۔