جیسوال کو ونڈے کرکٹ میں موقع، چمپئنز ٹرافی اسکواڈ میں شامل

   

بمراہ بھی ٹیم میں شامل مگر دستیابی فٹنس پر منحصر ۔ سراج کو جگہ نہ ملی ، شامی کی واپسی۔ اجیت اگرکر کی پریس کانفرنس
ممبئی: بائیں ہاتھ کے باصلاحیت بلے باز یشاسوی جیسوال کو ہفتہ کے روز چمپئنز ٹرافی کے لیے ہندوستانی اسکواڈ میں منتخب کیا گیا جبکہ فاسٹ بولر محمد شامی طویل عرصے تک انجری سے صحت یاب ہونے کے بعد ون ڈے اسکواڈ میں واپس آگئے ہیں۔ تجربہ کار جسپریت بمراہ کا نام بھی ٹیم میں ہے لیکن ان کی دستیابی فٹنس دوبارہ حاصل کرنے پر منحصر ہوگی۔رشبھ پنت اور لوکیش راہول ٹیم کے دو وکٹ کیپر ہوں گے۔ تاہم فاسٹ بولر محمد سراج کو انگلینڈ کے خلاف ہوم ون ڈے سیریز اور چمپئنز ٹرافی کے لیے اعلان کردہ 15 رکنی اسکواڈ میں جگہ نہیں ملی۔شامی 2023 میں 50 اوور کے ورلڈ کپ کے بعد ونڈے ٹیم میں واپس آئے ہیں۔ ہرشیت رانا کو صرف انگلینڈ سیریز کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین اجیت اگرکر نے یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ بمراہ کو پانچ ہفتوں کے لیے آرام کرنے کے لیے کہا گیا تھا اور وہ انگلینڈ کے خلاف پہلے دو ون ڈے میچوں کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔ڈومیسٹک کرکٹ میں 752 رنز بنانے کے باوجود کرون نائر ٹیم میں جگہ بنانے سے محروم رہے۔ اگرکر نے کہا کہ کسی دوسرے کھلاڑی اور ان لوگوں (بلے بازوں) کیلئے جگہ بنانا مشکل تھا جنہیں 40سے زیادہ اوسط سے منتخب کیا گیا ہے۔
ہندوستانی ٹیم:روہت شرما (کپتان)، شوبمن گل (نائب کپتان)، ویراٹ کوہلی، شریاس ایئر، لوکیش راہول، ہاردک پانڈیا، اکشر پٹیل، واشنگٹن سندر، کلدیپ یادو، جسپریت بمراہ، محمد شامی، ارشدیپ سنگھ، یشاسوی جیسوال، رشبھ پنت، رویندر جڈیجہ، ہرشیت رانا (صرف انگلینڈ سیریز کے لیے)۔
چیف سلیکٹر اجیت اگرکر نے کہا کہ جسپریت بمراہ انگلینڈ کے خلاف پہلے دو ونڈے میچوں کے لیے فٹ نہیں ہوں گے جس کی وجہ سے ہرشیت رانا کو ان کی جگہ لینے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔ تاہم بمراہ کو انگلینڈ کے خلاف تین میچوں کی سیریز کے بعد منعقد ہونے والی چمپئنز ٹرافی کے اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ بھارتی کپتان روہت شرما کے ساتھ پریس کانفرنس میں اگرکر نے کہا کہ ہم بمراہ کی فٹنس کا انتظار کر رہے ہیں اور ہمیں فروری کے شروع میں میڈیکل ٹیم سے ان کی حالت کے بارے میں پتہ چل جائے گا۔ بمراہ آسٹریلیا کے خلاف سڈنی ٹسٹ کے پانچویں دن کمر کے پٹھوں میں تناؤ کی وجہ سے بولنگ نہیں کر سکے تھے۔ چمپئنز ٹرافی کیلئے حتمی اسکواڈ کو 11 فروری تک انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) میں جمع کرانا ہوگا۔ چمپئنز ٹرافی 19 فروری سے شروع ہو رہی ہے۔ اس سے قبل بھارت 6، 9 اور 12 فروری کو انگلینڈ کے خلاف تین ونڈے میچ کھیلے گا۔ گزشتہ سال اگست میں سری لنکا کے ٹور کے بعد بھارتی ٹیم کی 50 اوورز کی یہ پہلی سیریز ہوگی۔