دبئی،22 فروری (یو این آئی ) امریکی ٹینس اسٹار جیسیکا پیگولا نے دبئی ڈیوٹی فری ٹینس ٹورنمنٹ کے فائنل میں یوکرین کی ایلینا سویتولینا کو یکطرفہ مقابلے کے بعد شکست دے کر 1000 ڈبلیو ٹی اے خطاب اپنے نام کر لیا۔ پیگولا نے پورے میچ کے دوران اپنے اعصاب پر قابو رکھا اور بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔ پیگولا نے فائنل میں اپنی حریف کو سنبھلنے کا موقع نہ دیا۔ پیگولا نے یہ مقابلہ 6-2 اور 6-4 کے اسکور سے جیتا۔ یہ جیت پیگولا کے لیے کئی لحاظ سے یادگار ثابت ہوئی۔ منگل کو 32 سال کی ہونے والی پیگولا، وینس ولیمز (2014) کے بعد یہ ٹورنامنٹ جیتنے والی دوسری معمر ترین خاتون کھلاڑی بن گئی ہیں۔ پیگولا نے ایلینا سویتولینا کو شکست دی جو اس سے قبل اپنے تمام چار 1000 ڈبلیو ٹی اے فائنلز جیت چکی تھیں۔