جیش سے وابستہ دو پاکستانی جنگجو ہلاک : آئی جی کشمیر

   

سری نگر: جنوبی ضلع کولگام کے مرہامہ گاوں میں سیکورٹی فورسز اور جنگجووں کے مابین تصادم میں دو پاکستانی جنگجو مارے گئے ۔آئی جی کشمیر وجے کمار نے بتایا کہ مہلوک پاکستانی ملی ٹینٹ سال 2018 سے کولگام اور شوپیاں اضلاع میں سرگرم تھے ۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ ہفتے کے روز حفاظتی عملے کو یہ اطلاع موصول ہوئی کہ ملی ٹینٹ جنوبی ضلع کولگام کے مرہامہ گاوں میں چھپے بیٹھے ہیں تو پولیس اور سیکورٹی فورسز نے مشترکہ طورپر فوراً ا س علاقے کو محاصرے میں لے کر اُنہیں ڈھونڈ نکالنے کے لئے کارروائی شروع کی۔انہوں نے بتایا کہ فرار ہونے کے تمام راستے مسدود پا کر جنگجووں نے حفاظتی عملے پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی چنانچہ سلامتی عملے نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا ۔