نئی دہلی، 22 اکتوبر (یو این آئی) دہشت گرد تنظیم جیشِ محمد نے خواتین کی بھرتی کیلئے آن لائن جہادی کورس ‘تفتۃ المومنات’ شروع کیا ہے ، جس کی قیادت مبینہ طور پر دہشت گرد مسعود اظہر کی بہنیں اور عمر فاروق کی بیوی کریں گی۔جیش نے ہر شرکاء کیلئے اس کورس کیلئے 500 روپے چندے کا تعین کیا ہے ۔ کچھ وقت قبل ایسی رپورٹیں سامنے آئی تھی کہ اقوامِ متحدہ کی طرف سے دہشت گرد تنظیم قرار دی گئی اور پاکستان کی سرپرستی میں جیشِ محمد ایک خواتین بریگیڈ تیار کر رہا ہے جس کا نام جماعت المومنات رکھا گیا ہے ۔ اب، نئی دستاویزات اور تفصیلات میڈیا میں منظر عام پر آئی ہیں، جس سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ دہشت گرد گروپ فنڈز اکٹھا کرنے اور اپنی خواتین کی بریگیڈ میں مزید خواتین کو بھرتی کرنے کیلئے ایک آن لائن تربیتی کورس شروع کر رہا ہے ، اس کورس کا نام ‘تفتۃ المومنات’ دیا گیا ہے ۔تنظیم کو مضبوط بنانے اور اپنی خواتین بریگیڈ میں مزید خواتین شامل کرنے کے مقصد کے تحت اس کورس کے تحت جیشِ محمد کے سرغنہ (جن میں مسعود اظہر اور اس کے کمانڈروں کے رشتہ دار خواتین بھی شامل ہیں) سے منسلک خواتین شرکاء کو جہاد، مذہب اور اسلام کے نقطۂ نظر سے تربیت دیں گی۔قابلِ ذکر ہے کہ مسعود اظہر نے 8 اکتوبر کو جیشِ محمد کی خواتین بریگیڈ جماعت المومنات کے قیام کا اعلان کیا تھا اور 19 اکتوبر کو پاک مقبوضہ کشمیر کے راولکوٹ میں خواتین کو اس گروہ میں شامل کرنے کیلئے ‘دخترانِ اسلام’ نامی ایک پروگرام بھی منعقد کیا گیا تھا۔ذرائع کے مطابق پاکستان میں انتہاپسند گروہ خواتین کے اکیلے باہر جانے کو نامناسب سمجھتے ہیں، اس لیے جیشِ محمد اب خواتین کی بھرتی کیلئے آن لائن پلیٹ فارم استعمال کر رہا ہے تاکہ وہ آئی ایس آئی ایس (داعش)، حماس اور لشکر طیبہ کی طرز پر اپنے مرد دہشت گرد بریگیڈ کے ساتھ خواتین کی دہشت گرد بریگیڈ تشکیل دے سکے اور ممکنہ طور پر خودکش/فدائین حملوں کیلئے ان کا استعمال کر سکے ۔