جیش نے مزید دہشت گرد حملوں کا منصوبہ بنایا تھا : گوکھلے

   

نئی دہلی۔26 فبروری۔( سیاست ڈاٹ کام ) خارجہ سکریٹری وجے گوکھلے نے منگل کے روز کہا کہ پاکستان کی دہشت گرد تنظیم جیش محمد پلوامہ جیسے ایک دوسرے خودکش حملے کی کوشش میں تھی اور اسی وجہ سے ہندوستانی فضائیہ نے پاک مقبوضہ کشمیر کے بالاکوٹ میں بمباری کر کے اس کے کیمپ کو تباہ کر دیا ہے ۔ گوکھلے نے بیرونی سفارتکاروں کے ساتھ پریس کانفرنس میں اپنے بیان کہا کہ 14 فروری 2019 کو پاکستان کی دہشت گرد تنظیم جیش محمد کی طرف سے کئے گئے خودکش دہشت گردانہ حملے میں ہمارے سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے 40 بہادر جوان شہید ہوئے تھے ۔ گزشتہ دو دہائیوں سے جیش محمد جنگجو مسعود اظہر کی قیادت میں پاکستان میں سرگرم ہے، اور پاکستان کے بہاول پور میں اس کا ہیڈ کوارٹر ہے ۔ یہ تنظیم، جسے اقوام متحدہ کی طرف سے ممنوعہ قرار دیا گیا ہے ، دسمبر 2001 ء میں ہندوستانی پارلیمنٹ اور جنوری 2016 ء میں پٹھان کوٹ ایئر فورس کیمپ سمیت کئی سنگین دہشت گردانہ حملوں کیلئے ذمہ دار ہے ۔ وزارت دفاع اور ایئر فورس نے ابھی تک اس کارروائی کی تصدیق نہیں کی ہے لیکن پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ ہندوستانی فضائیہ کے طیاروں نے پاکستان کے مقبوضہ کشمیر میں کارروائی کی ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہندوستانی طیارے جلدبازی میں کھلے علاقوں میں بمباری کرکے چلے گئے ۔