روم ۔ 28 جون (ایجنسیز) امیزون کے بانی جیف بیزوس اورسابق نیوز اینکرو پائلٹ لورین سانچز کی پرتعیش شادی کی تقریبات کا جمعرات سے آغاز ہوگیا جبکہ مرکزی تقریب آج وینس کے تاریخی سان جیورجیو میگیور جزیرہ پر منعقد ہوئی، اس شادی کو دنیا کی مہنگی ترین شادی قرار دیا جارہا ہے۔ امیزون کے مالک جیف بیزوس اور لورین سانچیز وینس پہنچے جہاں ان کی شادی کی پْرتعیش تقریب ہوئی۔ اس یادگار شادی کی تقریب میں دنیا بھر سے 250 سے زائد معروف شخصیات شرکت کر رہی ہیں۔ ابتدائی تقریب میڈونا ڈیل اورٹو چرچ کے احاطہ میں منعقد ہوئی جبکہ اختتامی تقریب آرسنیل میں ہوگی، جس میں لیڈی گاگا اور ایلٹن جان کی پرفارمنس متوقع ہے۔ مہمانوں میں امریکی صدر ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا ٹرمپ، اپرا ونفری، کِم کارداشیئن، لیونارڈو ڈی کیپریو، ٹام بریڈی، بل گیٹس اور ایوانجلینا جورڈن شامل ہیں۔ دنیا بھر سے 90 خانگی طیاروں کے ذریعہ مہمانوں کو وینس پہنچایا گیا جن کے لیے خصوصی سیکوریٹی، ہوائی، بحری اور زمینی انتظامات کیے گئے ۔