کورونا وائرس کے اثرات و احتیاط
ہجومی سرگرمیوں پر روک ، قیدیوں سے ملاقات پر پابندی ، ناگزیر حالات پر ہی عدالت سے رجوع ہونے کے احکامات
حیدرآباد۔18مارچ(سیاست نیوز) کورونا وائرس کے محفوظ رہنے کے اقدامات نے ہر شعبہ کو اپنے دائرہ میں لے لیا ہے اور ہر گوشہ سے احتیاطی اقدامات کے تحت احکامات کی اجرائی عمل میں لائی جارہی ہے ۔ کورونا وائرس سے محفوظ رہنے اور عوام کومحفوظ رکھنے کیلئے ریاستی حکومت کی جانب سے جاری کردہ احکامات کے بعد اب محکمہ محابس کے علاوہ عدالت اور محکمہ زراعت پربھی اس کے اثرات دیکھے جانے لگے ہیں۔ریاست تلنگانہ میں کورونا وائرس پر قابو پانے کیلئے حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کے تحت ریاست کی جیلوں میں موجود قیدیوں سے ملاقات پر پابندی عائد کردی گئی ہے اور جیلوں میں موجود قیدیوں سے ملاقات کے لئے پہنچنے والوں کو داخلہ نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ جیل حکام نے احتیاط کے سبب کئے گئے اس فیصلہ کے سلسلہ میں واقف کرواتے ہوئے جیل قیدیوں سے ملاقات پرتا حکم ثانی پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس فیصلہ کے تحت ریاست تلنگانہ کی تمام جیلوں میں تا حکم ثانی قیدیوں سے ملاقات کی اجازت نہیں ہوگی اور نہ ہی کسی قیدی کے رشتہ دار کو ملاقات کیلئے جیل میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی۔ جیلوں میں قیدیوں سے ملاقات پر تحدیدات کے علاوہ ضلع کریم نگر میں جج نے احکام جاری کئے ہیں کہ عدالت کو پہنچنے والے افراد انتہائی ناگزیر حالات میںہی عدالت کا رخ کریں کیونکہ ہجوم سے دور رہنے اور عوامی اژدہام سے محفوظ رہنے کیلئے جو احکام جاری کئے گئے ہیں ان کے مطابق بڑی تعداد میں ایک جگہ عوام کا جمع ہونا کورونا وائرس کے پھیلنے کا سبب بن سکتا ہے۔عدالتوں اور جیلوں کے علاوہ محکمہ زراعت کی جانب سے نظام آباد زرعی مارکٹ کو 21 مارچ سے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور کہا جار ہاہے کہ زرعی مارکٹ کو بند کرنے کے اعلان کے ساتھ یہ بھی کہا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے عائدکی جانے والی تحدیدات کے خاتمہ کے بعد ہی مارکٹ کی دوبارہ کشادگی کے سلسلہ میں غور کیا جائے گا۔ریاستی حکومت کی جانب سے احکام کی اجرائی اوراحتیاطی اقدامات کے سلسلہ میں جاری کئے گئے رہنمایانہ خطوط کے بعد دیگر محکمہ جات کی جانب سے بھی اس بات کی کوشش کی جا رہی ہے کہ عوام کو باشعور بنانے کے علاوہ پر ہجوم سرگرمیوں سے دور رکھنے کے اقدامات کئے جائیں تاکہ کسی بھی طرح کی کوئی وباء کو پھیلنے سے روکنے کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کا اثر برقرار رہے اور حکومت کے فیصلہ کو بااثر بنایا جاسکے۔