سنبھل۔7؍اگست (ایجنسیز) جامع مسجد سنبھل کی مینجمنٹ کمیٹی کے صدر ظفر علی کے خلاف پولیس نے جلوس نکالنے پر مقدمہ درج کر لیا ہے۔ یہ جلوس ان کی مرادآباد جیل سے رہائی کے بعد نکالا گیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جلوس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد از خود نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کی گئی۔ضلع سنبھل کی کوتوالی میں سب انسپکٹر آشیش تومر کی شکایت پر ظفر علی، سرفراز، طاہر، حیدر اور 50 سے 60 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ظفر علی کو گزشتہ سال جامع مسجد کے سروے کے دوران ہونے والے تشدد کے ایک کیس میں 23 مارچ کو گرفتار کر کے مرادآباد جیل بھیجا گیا تھا۔ یکم اگست کو ان کی جیل سے رہائی ہوئی جس کے بعد مرادآباد سے سنبھل تک 40 کلومیٹر طویل جلوس نکالا گیا۔