جیل میں سکھ قیدیوں کو سجن کمار سے دور کردیا گیا

   

نئی دہلی 31 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) سابق کانگریس لیڈر سجن کمار کے منڈولی جیل کامپلکس کے وارڈ سے سکھ قیدیوں کو دور رکھا جائیگا ۔ احتیاطی طور پر ایسا کیا جا رہا ہے ۔ جیل ذرائع نے یہ بات بتائی ۔ سجن کمار کو 1984 کے مخالف سکھ فسادات میں ان کے رول کی وجہ سے عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے ۔ انہوں نے آج خود کو عدالت میں پیش کردیا تھا جہاں سے انہیں منڈولی جیل منتقل کیا گیا ۔ سابق کانگریس لیڈر کو پولیس نے دہلی کے ایک سرکاری دواخانہ میں طبی معائنے کروانے کے بعد جیل منتقل کیا اور انہیں جیل نمبر 14 میں رکھا جائیگا ۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ سجن کمار کے مزید طبی معائنے جیل کے ڈاکٹر کی جانب سے بھی کئے جائیں گے ۔ ان کی عمر کو دیکھتے ہوئے ان کے مکمل طبی معائنے کروائے جا رہے ہیں۔ سجن کمار نے ڈاکٹر کو بتایا کہ انہیں سانس لینے میں تکلیف کی شکایت ہے ۔ سجن کمار اپنے ساتھ کئی ادویات بھی لائے ہیں۔ ذرائع نے کہا کہ معائنوں کے بعد انہیں وارڈ نمبر 1 منتقل کیا گیا اور احتیاطی طور پر اس وارڈ کے قریب موجود سکھ قیدیوں کو دوسرے وارڈ کو منتقل کردیا گیا ۔