لکھنؤ: باندہ جیل میں بند ایم ایل اے مختار انصاری سے سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی کے قومی صدر اوم پرکاش راج بھر کی ملاقات کے بعد ریاست کے سیاسی گلیاروں میں ہلچل بڑھ گئی ہے۔ مانا جا رہا ہے کہ یہ میٹنگ 2022 کے اسمبلی انتخابات کو لے کر ہوئی تھی۔ دریں اثناء راج بھر نے مختار انصاری سے ملاقات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ساتھ ان کا پرانا رشتہ ہے۔مختارانصا ری جہاں سے الیکشن لڑنا چاہیں گے ،ا پنے ٹکٹ پر لڑائیں گے۔ راج بھر نے اس دوران باندہ میں گاڑیوں کی چیکنگ کو بھی نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ مئو کی ریلی کے بعد حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت انہیں مروانا چاہتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ان کی گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی۔راج بھر نے کہا کہ مختار انصاری کے ساتھ ان کے گہرے تعلقات ہیں، انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی مختار انصاری کو ٹکٹ دے گی۔ غور طلب بات یہ ہے کہ سماج وادی پارٹی کے ساتھ اتحاد کے اعلان کے بعد یوپی کی سیاست میں ہلچل مچ گئی ہے۔ مختار کے بھائی صبغۃ اللہ انصاری پہلے ہی ایس پی میں شامل ہو چکے ہیں۔ لیکن اکھلیش یادو نے ابھی تک مختار انصاری کے بارے میں کچھ نہیں کہا ہے۔
