جیل میں چندرا بابو نائیڈو کو ہلاک کرنے کی سازش

   

نارا لوکیش کا سنسنی خیز الزام، صحت متاثر ہونے کی شکایت
حیدرآباد۔/21 ستمبر، ( سیاست نیوز) تلگودیشم کے قومی جنرل سکریٹری نارا لوکیش نے یہ کہتے ہوئے آندھرا پردیش کے سیاسی حلقوں میں ہلچل پیدا کردی ہے کہ جگن حکومت چندرا بابو نائیڈو کو جیل میں ہلاک کرنے کی سازش کررہی ہے۔ سوشیل میڈیا پلیٹ فارم پر ٹوئیٹ کرتے ہوئے نارا لوکیش نے کہا کہ راجمندری جیل میں چندرا بابو نائیڈو کو اگر کچھ ہوگا تو اس کیلئے چیف منسٹر جگن راست طور پر ذمہ دار ہوں گے۔ جیل میں چندرا بابو نائیڈوکا صفایا کرنے کیلئے گرفتاری عمل میں لائی گئی۔ عوام اور تلگودیشم کارکنوں میں یہ تاثر پایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اندیشے درست دکھائی دے رہے ہیں۔ حکومت چندرا بابو نائیڈو کو جیل میں ہلاک کرنے کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔ اپوزیشن قائد کو نقصان پہنچانے کی سازش کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیل میں مچھروں کی کثرت کی شکایت کے باوجود جیل حکام نے کوئی توجہ نہیں دی اور نہ ہی احتیاطی قدم اٹھائے۔ جیل میں ریمانڈ قیدی کی طرح موجود چندرا بابو نائیڈو کی صحت پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے۔ اسی جیل میں ڈینگو سے ایک قیدی کی موت واقع ہوئی ہے۔ چندرا بابو نائیڈوکو بھی اسی طرح مرض کا شکار بنانے کی منصوبہ بندی ہے۔