جیل میں چندرا بابو نائیڈو کی زندگی کو خطرہ لاحق: لوکیش

   

وزیر آئی ٹی تلنگانہ کے ٹی راما راؤ کا اظہار تشویش
حیدرآباد ۔13۔اکتوبر (سیاست نیوز) صدر تلگو دیشم چندرا بابو نائیڈو کی صحت کے بارے میں ان کے فرزند نارا لوکیش کی جانب سے کئے گئے ٹوئیٹ پر سیاسی حلقوں میں تشویش کا اظہار کیا جارہا ہے ۔ لوکیش نے آج صبح ٹوئیٹ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ راج مندری جیل میں موجود تلگو دیشم سربراہ چندرا بابو نائیڈو کی جان کو خطرہ لاحق ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت اس بات کی کوشش کر رہی ہے کہ چندرا بابو نائیڈو پر اسٹورائیٹ کا استعمال کیا جائے ۔ چندرا بابو نائیڈو کی صحت کے بارے میں سرکاری ڈاکٹرس اور جیل حکام حقائق کی پردہ پوشی کر رہے ہیں۔ لوکیش نے لکھا کہ چندرا بابو نائیڈو کو کوئی نقصان ہوگا تو اس کی ذمہ داری جگن موہن ریڈی پر ہوگی۔انہوں نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو کی زندگی کے بارے میں سازش کی جارہی ہے ۔ مناسب سیکوریٹی کے بغیر چندرا بابو نائیڈو کو خطرہ لاحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیل میں صورتحال انتہائی بھیانک ہے ۔ مچھر ، آلودہ پانی سے چندرا بابو نائیڈو کی صحت کو خطرہ ہے ۔ انفیکشن اور الرجی سے وہ متاثر ہیں۔ اسی دوران وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے نارا لوکیش کے ٹوئیٹ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یہ جان کر دکھ ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک بیٹے کا اپنی باپ کی صحت کے بارے میں فکر کا مجھے اچھی طرح احساس ہے۔ کے سی آر کی بھوک ہڑتال کے موقع پر مجھے ان کی صحت کے بارے میں کافی تشویش تھی۔ کے ٹی آر نے کہا کہ حیدرآباد میں امن کی برقراری کیلئے انہوں نے نائیڈو کی گرفتاری کے خلاف احتجاج سے منع کیا تھا۔