جیل کے پٹرول پمپس سے 17 کروڑ روپئے کا منافع

,

   

گذشتہ سال جیلوں میں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا ۔ ڈائرکٹر محابس کی پریس کانفرنس

حیدرآباد /10 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ کے محکمہ جیل نے سال 2018 ء میں اپنے تحت چلائے جارہے پٹرول پمپس کے ذریعہ 17 کروڑ کا زبردست منافع حاصل کیا ہے ۔ امید ظاہر کی جارہی ہے کہ سال 2019 میں یہ منافع 30 کروڑ تک پہونچ جائے گا۔ ڈائرکٹر جنرل محابس وی کے سنگھ نے سالانہ پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ محکمہ جیل کی جانب سے پٹرول پمپس چلائے جارہے ہیں اور ان پمپس پر قیدیوں کو ڈیوٹی پر تعینات کیا جارہا ہے ۔ 2018 ء میں ان پٹرول پمپس کے ذریعہ 495 کروڑ کا ٹرن اوور ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جیلوں کو کرپشن سے پاک بنانے موثر اقدامات کئے جارہے ہیں اور صرف ایک رشوت کا الزام ثابت ہوا ہے جس کے نتیجہ میں ایک درخواست گزار کو 10 ہزار روپئے نقد رقم کا انعام دیا گیا ہے ۔ مسٹر سنگھ نے کہا کہ گزشتہ سال جیلوں میں کسی بھی قسم کا ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا اور نہ کسی قیدی نے جیل سے راہ فرار اختیار کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 5 سالوں میں ایک لاکھ 32 ہزار غیرتعلیم یافتہ قیدیوں کو تعلیم یافتہ بنایا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی جیل کی نمایاں کارکردگی سے متاثر ہوکر سری لنکا اور امریکہ کے وفد نے بھی یہاں جیل کا مشاہدہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی جیلوں میں قیدیوں کی صحت پر خاص توجہ دی گئی ہے جس کے نتیجہ میں قیدیوں کی اموات 56 سے 8 تک پہونچ گئی ۔ مسٹر سنگھ نے کہا کہ صحت کے اعتبار سے قیدیوں کا خاص خیال رکھا جارہا ہے اور ان کا وقتاً فوقتاً ماسٹر ہیلت چیک اپ اور ورزش بھی کرائی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی جیلوں میں قیدیوں کی بہبود کیلئے انتی پروگرام ودیادانم اور دیگر اقدامات کئے گئے ہیں ۔ مسٹر سنگھ نے کہا کہ تلنگانہ پریزنس ڈپارٹمنٹ کے زیراہتمام آنند آشرم بھی چلایا جارہا ہے جن میں 7319 مرد و 4475 خواتین گداگروں کو رکھا گیا تھا ۔ مسٹر سنگھ نے کہا کہ 2018 ء میں تلنگانہ کی جیلوں میں 76443 قیدیوں کو رکھا گیا تھا جن میں 12 ہزار سزایافتہ قیدی ہیں ۔