جیمی سن کیخلاف ٹاپ آرڈر ناکام ، ہندوستان 122/5

   

ویلنگٹن ۔ 21 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کا ٹاپ آرڈر پھر ایک مرتبہ ناکام ہوا ہے اور یہاں نیوزی لینڈ کے خلاف شروع ہوئے پہلے ٹسٹ کے پہلے 2 سیشن کے کھیل میں ہندوستانی ٹیم 5 وکٹوں کے نقصان کے بعد 122 رنز کی اسکور کر پائی جبکہ پہلے دن کا آخری سیشن بارش کی وجہ سے متاثر ہوا اور اس سیشن میں ایک بھی گیند پھینکی نہیں گئی۔ پہلے دن کھیل کے اختتام کا جب اعلان کردیا گیا تھا تب ہندوستانی ٹیم کیلئے اجنکیا راہنے اور نوجوان وکٹ کیپر رشپھ پنت وکٹ پر موجود تھے۔ ہندوستانی ٹیم کیلئے پہلے دن سب سے زیادہ پریشان کرنے والے بولر جیمی سن رہے۔ 6 فٹ 8 انچ طویل قامت کے اس بولر نے اپنے ٹسٹ کریئر کا بھی یادگار طریقہ سے آغاز کیا جیسا کہ اس نے ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی اور چیٹیشور پجارا کو پویلین کی راہ دکھائی۔ ہندوستان کپتان ویراٹ کوہلی کا نیوزی لینڈ کے دورہ پر ناقص فام کا سلسلہ ہنوز جاری ہے۔ جیسا کہ ٹسٹ کے پہلے دن وہ 7 گیندوں میں صرف 2 رنز بنا پائے جبکہ چیٹیشور پجارا بھی 42 گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے 11 رنز بنائے۔ ہندوستانی ٹیم کو ابتدائی نقصانات سے باہر نکالنے کی ایک مرتبہ پھر ذمہ داری ہنوماوہاری پر عائد ہوئی جیساکہ انہوں نے وارم اپ مقابلہ میں سنچری اسکور کی تھی لیکن وہ درازقد جیمی سن کے تیسرے شکار بنے۔ وہاری 20 گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے 7 رنز اسکور کرپائے۔ اوپنرس کی جوڑی پارتھیوشا (16) اور مائنک اگروال (24) ٹیم کو 16 رنز کا ہی آغاز فراہم کرپائی۔ دن کے اختتام پر راہنے 122 گیندوں میں 38 اور رشپھ پنت 37 گیندوں میں 10 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔ جیمی سن نے 14 اوورس میں 38 رنز دیکر تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ہے جبکہ ٹم ساوتھی اور ٹرینٹ بولٹ نے فی کس ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔