جینت پاٹل این سی پی ریاستی صدر کے عہدہ سے مستعفی

   

ممبئی 12جولائی (یو این آئی) نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد پوار) میں قیادت کی تبدیلی کی فضا بن گئی ہے کیونکہ ریاستی صدر جینت پاٹل نے اپنے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا ہے ۔ ان کے استعفیٰ کے بعد شرد پوار کے قریبی اور سینئر رہنما ششی کانت شنڈے کو پارٹی کے نئے ریاستی صدر کے طور پر سامنے لانے کی تیاریاں جاری ہیں۔ ذرائع کے مطابق وہ ممکنہ طور پر 15 جولائی کو عہدہ سنبھال سکتے ہیں، تاہم اس کی باضابطہ تصدیق ہونا باقی ہے ۔جینت پاٹل نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ شرد پوار کے شکر گزار ہیں جنہوں نے گزشتہ سات برسوں تک ریاستی یونٹ کی ذمہ داری ان کے سپرد کی۔ ان کے مطابق یہ عرصہ ایک طویل، بامعنی اور نتیجہ خیز سفر رہا، اور اب وقت آ گیا ہے کہ نئی قیادت کے لیے جگہ بنائی جائے ۔ پاٹل نے کچھ دن پہلے ہی اپنے عہدہ سے سبکدوش ہونے کی درخواست دی تھی تاکہ پارٹی میں نئی توانائی اور سمت پیدا ہو سکے۔ دوسری جانب ششی کانت شندے نے بھی ان قیاس آرائیوں پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ریاستی صدارت کے لیے ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا ہے ۔ انہوں نے تصدیق کی کہ انہیں پارٹی میٹنگ کے حوالے سے پیغام موصول ہوا ہے ، جہاں اس بارے میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔