نئی دہلی 14 فروری (سیاست ڈاٹ کام) ملک بھر میں 15 فروری کو سی بی ایس ای کے امتحانات شروع ہونے جارہے ہیں۔ بورڈ نے دسویں اور بارہویں کے امتحانات کی تاریخوں کا اعلان کردیا گیا ہے۔ امتحانات کے لئے اس بار سی بی ایس ای نے سخت شرائط و ضوابط جاری کئے ہیں۔ جس کے مطابق طلباء امتحانی مراکز میں جینس اور چست کپڑے پہن کر نہیں جاسکتے، اس پر مکمل طور پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ خاص طور سے یہ قانون خانگی طلباء کے لئے ہے۔ نئے قواعد میں یہ صاف کردیا گیا ہے کہ خانگی طلبہ امتحانی مراکز میں سفید شرٹ پہن کر جائیں اور ریگولر اسٹوڈنٹس اپنا اسکول یونیفارم پہن کر جائیں۔ اس بار سی بی ایس ای نے شرائط میں کئی تبدیلیاں کی ہیں۔ اس بار جوابی کاپی کی جانچ کے بعد دوبارہ بھی جانچ کرائی جائے گی۔ ایسا اس لئے کیا گیا ہے تاکہ اگر کوئی غلطی ہو تو اسے دوسری جانچ میں درست کردیا جائے۔ یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ اساتذہ کو جانچ کے لئے 25 جوابی کاپیوں سے زیادہ نہیں دی جائیں گی۔ اساتذہ کو ان جوابی کاپیوں پر نمبر دینے کے لئے 8 گھنٹے کا وقت دیا جائے گا۔