صدرنشین وقف بورڈ عظمت اللہ حسینی کا ضلع ایس پی سے ربط، وقف بورڈ کے ذریعہ مرمتی کاموں کا فیصلہ
حیدرآباد ۔12۔ ستمبر (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ سید عظمت اللہ حسینی نے جینور آصف آباد میں فرقہ پرست طاقتوں کی جانب سے مساجد پر حملے کے نقصانات کا جائزہ لینے کیلئے وقف بورڈ کے عہدیداروں کی ٹیم کو روانہ کیا۔ تلنگانہ وقف بورڈ کی ٹاسک فورس ٹیم نے جینور میں 4 مساجد کا معائنہ کیا جہاں اشرار نے حملہ کرتے ہوئے توڑ پھوڑ کی ۔ وقف بورڈ کے عہدیداروں نے نقصانات کی تفصیلات حاصل کیں اور وقف بورڈ کی جانب سے مساجد کی مرمت اور تزئین نو کا تیقن دیا۔ ٹاسک فورس ٹیم نے صدرنشین عظمت اللہ حسینی کو اپنی رپورٹ پیش کردی۔ صدرنشین وقف بورڈ نے بتایا کہ جینور موضع میں 4 مساجد کو نقصان پہنچایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹاسک فورس ٹیم کی رپورٹ کی بنیاد پر وقف بورڈ کی جانب سے مرمتی کام انجام دیئے جائیں گے اور مساجد کے لئے ضروری سامان کا انتظام کیا جائے گا۔ عظمت اللہ حسینی نے ضلع ایس پی سے فون پر بات چیت کی اور وقف بورڈ عہدیداروں کو مساجد کے معائنہ کی اجازت دینے کی خواہش کی۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ کی جانب سے چاروں مساجد کے لئے درکار اشیاء اور سامان کا انتظام کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی مسجد کی عمارت کو نقصان نہیں پہنچا بلکہ صرف مساجد میں موجود سامان کو نقصان پہنچایا گیا۔ انہوں نے ضلع ایس پی سے خواہش کی کہ مستقبل میں مساجد کی حفاظت کے لئے ضروری قدم اٹھائے جائیں۔ انہوں نے جینور منڈل میں امن و امان کی برقراری کیلئے اقدامات کرنے پر زور دیا۔ عظمت اللہ حسینی کے مطابق جینور کی تازہ ترین صورتحال سے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو واقف کرایا جائے گا۔ 1