متاثرہ خاتون کا بہترین علاج کرتے ہوئے انصاف دلایا جائے ، املاک کو نقصان پر معاوضہ دیا جائے
حیدرآباد ۔ 5 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے جینور میں پیش آئے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا ۔ لا اینڈ آرڈر کو کنٹرول کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا ۔ کے ٹی آر نے سوشیل میڈیا کے پلیٹ فارم ’ ایکس ‘ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں وزیر داخلہ نہ ہونے کی وجہ سے لا اینڈ آرڈر کی صورتحال ابتر ہوگئی ہے ۔ جینور میں پیش آیا واقعہ اس کا زندہ ثبوت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کمرم بھیم آصف آباد کے جینور منڈل میں ایک قبائلی خاتون کی عصمت دری کی کوشش نے شدید کشیدگی پیدا کردی ۔ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ وہاں تشدد میں بہت سی املاک کو تباہ برباد کردیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ کا سخت نوٹ لینے کے بجائے حکومت نے متاثرہ خاتون کو صرف ایک لاکھ روپئے کا معاوضہ دیتے ہوئے مسئلہ سے دور بھاگنے کی جو کوشش کی ہے وہ قابل مذمت ہے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ اس واقعہ کے بعد علاقہ میں کشیدگی پھیل گئی تھی ۔ ہر طرف تناؤ کا ماحول تھا ۔ پیشگی احتجاجی ریالی منظم کرنے کی اطلاعات ملنے کے باوجود پولیس نے لا اینڈ آرڈر کو کنٹرول کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات نہیں کئے جس کی وجہ سے تشدد میں بڑے پیمانے پر املاک کو نقصان پہونچا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت جینور میں امن کی بحالی کے لیے فوری اقدامات کریں ۔ متاثرہ خاتون کا بہتر علاج کیا جائے اور ملزمین کو سخت سے سخت سزا دی جائے ۔ تشدد میں جن افراد کے گھروں اور دوکانات کو نقصان پہونچا ہے انہیں مالی امداد فراہم کی جائے ۔ امن و امان کو نقصان پہونچانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔۔ 2