جینور کے متاثرین کو انصاف فراہم کرنے مہیش کمار گوڑ کا تیقن

   

110 دکانات کو نقصان ، 28 شرپسندوں کی نشاندہی، محمد علی شبیر کی ایس پی اور کلکٹر سے بات چیت

حیدرآباد۔/15 ستمبر، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ اور حکومت کے مشیر برائے اقلیت محمد علی شبیر نے جینور آصف آباد سے تعلق رکھنے والے مقامی افراد کے وفد کو تیقن دیا کہ جینور میں فرقہ وارانہ تشدد کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ دونوں قائدین نے املاک کے نقصان پر معاوضہ کی ادائیگی کا بھی یقین دلایا۔ جینور سے تعلق رکھنے والے مقامی افراد نے مہیش کمار گوڑ اور محمد علی شبیر سے ملاقات کرتے ہوئے تفصیلی رپورٹ حوالے کی۔ رپورٹ میں شرپسندوں کی جانب سے نقصان پہنچائی گئی گاڑیوں اور املاک کی تفصیلات پیش کی گئیں۔ مہیش کمار گوڑ اور محمد علی شبیر نے ضلع کلکٹر اور ایس پی سے فون پر بات چیت کی اور تشدد کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی پر زور دیا۔ جینور میں جملہ 110 دکانات کو نقصان پہنچایا گیا اور کئی گاڑیوں کو آگ لگادی گئی۔ پولیس عہدیداروں کے مطابق تشدد کے سلسلہ میں 28 افراد کی نشاندہی کرلی گئی ہے۔ کلکٹر اور ایس پی نے امن و امان کی برقراری کیلئے ہر ممکن اقدامات کا بھروسہ دلایا۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ کانگریس حکومت سیکولرازم کے اصولوں پر سختی سے کاربند ہے اور ریاست میں فرقہ وارانہ تشدد کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے کسی بھی حصہ میں فرقہ وارانہ کشیدگی کو سختی سے کچلنے کی پولیس کو ہدایت دی گئی ہے۔ مقامی افراد کے مطابق مسلمانوں میں ابھی بھی خوف کا ماحول ہے اور پولیس کی جانب سے طلایہ گردی میں شدت کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر مقامی افراد نے منصوبہ بند انداز میں اقلیتوں کو نشانہ بنایا۔1