جینکو انجینئر عظمیٰ فاطمہ کے والدین سے محمد قمر الدین کی ملاقات

   

سری سیلم سانحہ میں ہونہار حیدرآبادی لڑکی کے جاں بحق ہونے پر اظہار تعزیت
حیدرآباد :۔ صدر نشین تلنگانہ اقلیتی کمیشن جناب محمد قمر الدین نے کل اسسٹنٹ انجینئر ٹی ایس جینکو مرحومہ عظمیٰ فاطمہ کے مکان پہنچ کر ان کے والد جناب محمد عبدالحق زبیر کو پرسہ دیا اور ان کی دختر کی اس سانحہ میں اچانک رحلت پر شدید رنج و غم کا اظہار کیا ۔ جناب محمد قمر الدین نے اس موقع پر کہا کہ عظمیٰ فاطمہ بچپن سے ہی غیر معمولی ذہین اور ہر جماعت میں اول مقام حاصل کرنے والی لڑکی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک بے حد ذہین اور بہادر لڑکی تھی اور اس حادثہ میں زندہ بچ جانے والوں نے بتایا کہ عظمیٰ نے 4 زندگیاں بچائیں اور اسی کوشش میں انہوں نے اپنی جان دے دی ۔ جناب قمر الدین نے مرحومہ کی مغفرت اور درجات بلند ہونے کی دعا کی ۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ انہیں جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے ۔ محمد قمر الدین نے عظمیٰ کے والد اور ارکان خاندان سے کہا کہ اگر انہیں کسی مدد کی ضرورت ہو تو وہ بلا جھجک ان سے ربط پیدا کرسکتے ہیں ۔ جناب محمد قمر الدین نے مرحومہ کی رہائش گاہ سب سے پہلے پہونچنے والے شخص ہیں ۔۔