جین ۔ ایرک ورنے فارمولا ای ریس کے فاتح

   

حیدرآباد 11 فبروری ( سیاست نیوز ) فرانس کے جین ۔ ایرک ورنے نے ہندوستان میں افتتاحی فاروملا ای ریس حیدرآباد ای پری میں جیت لی ہے ۔ انہیں پہلا مقام حاصل ہوا ہے ۔ جین ایرک نے اپنی کامیابی کے بعد کہا کہ انہیں کامیابی حاصل کرتے ہوئے بہت مسرت ہو رہی ہے ۔ خوشی ہے کہ وہ پوڈیم پر پہونچے ہیں۔ ان کیلئے یہ کامیابی حاصل کرنا اہمیت کا حامل تھا ۔ جین ایرک نے ہندوستان میں پہلی مرتبہ فارمولا ای ریس میں حصہ لیتے ہوئے یہ کامیابی درج کی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ریس بہت بہترین تھی ۔ انہوں نے کوئی غلطیاں نہیں کیں۔ یہ مشکل ریس بھی تھی اور آسان نہیں تھی ۔ جین ۔ ایرک نے کہا کہ اس کامیابی کے باوجود انہیں اپنے مظاہرہ میں مزید بہتری پیدا کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھلے ہی انہیں کامیابی ملی ہو لیکن ان کی رفتار اب بھی توقع سے کم ہی رہی ہے ۔ انہیں اپنی کارکردگی میں مزید بہتری لانے کی ضرورت ہے جس سے وہ اس طرح کی مزید کامیابیاں حاصل کرسکیں۔ انہوں نے شہر کے اس نئے ٹریک کی ستائش کی ۔ اس ریس میں نک کاسیڈی دوسرے نمبر پر رہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی کارکردگی بھی بہت اچھی رہی ہے ۔ وہ اس کارکردگی سے مطمئن ہیں۔