جیوتی راؤ پھولے کی خدمات کو خراج

   

یوم پیدائش تقریب میں ایم ایل سی کویتا کی شرکت اور خطاب
نظام آباد :11؍ اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) رکن قانون ساز کونسل بی آر ایس و صدر تلنگانہ جاگروتی کلواکنٹلہ کویتا نے آج حیدرآباد میں جیوتی راؤ پھولے کی جینتی تقاریب میں شرکت کی اورخطاب کرتے ہوئے سماجی انصاف، مساوات اور بی سی طبقات کے حقوق کے لئے پُرزور آواز بلند کی۔ کویتا نے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کے اس فیصلہ کا خیرمقدم کیا کہ جیوتی راؤ پھولے کا مجسمہ ٹینک بنڈ پر نصب کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک قابل تحسین اقدام ہے جو سماجی اصلاحات کے عظیم علمبردار کی خدمات کا اعتراف ہے۔ انہوں نے واضح انداز میں کہا کہ پھولے کا مجسمہ تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کے احاطہ میں بھی نصب کیا جانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مطالبہ صرف ایک مجسمہ کی تنصیب کا نہیں بلکہ بی سی طبقات کی کئی دہائیوں پر محیط جدوجہد اور نمائندگی کا آئینی حق ہے۔ جب تک یہ مطالبہ پورا نہیں ہوتا ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ گاؤں کی سطح پرمردم شماری کے اعداد و شمار شائع کئے جائیں تاکہ شفافیت اور درست اعدادوشمار کو یقینی بنایا جا سکے۔جیوتی راؤ پھولے کی یوم پیدائش کے موقع پر رکن قانون سازکونسل بی آرایس و صدر تلنگانہ جاگروتی کلواکنٹلہ کویتا نے منٹ کمپاؤنڈ میں واقع پھولے کے مجسمہ پر گلہائے عقیدت نچھاور کئیاور ان کی خدمات کوبھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔تقریب کے دوران کویتا نے سی پی ایم کے ریاستی سکریٹری جان ویزلی سے ملاقات کی اور مطالبہ کیا کہ پھولے کے مجسمہ کو تلنگانہ اسمبلی کے احاطہ میں نصب کیا جائے ۔