جیون ریڈی پی سی سی صدر، ریونت ریڈی انتخابی مہم کمیٹی کے صدر نشین

,

   

کانگریس ہائی کمان کا مفاہمتی فارمولہ، ناراض سرگرمیوں کو روکنے کی کوشش، مختلف طبقات کو کمیٹیوں میں نمائندگی

حیدرآباد۔ کانگریس اعلیٰ کمان نے تلنگانہ میں پردیش کانگریس کی صدارت کے مسئلہ پر پارٹی قائدین کے درمیان اختلافات ختم کرنے کیلئے مفاہمتی فارمولہ پیش کیا ہے جس کے تحت پارٹی کے سینئر ترین قائد ٹی جیون ریڈی ایم ایل سی کو پردیش کانگریس کی صدارت پر فائز کیا جائے گا جبکہ انتخابی تشہیر کمیٹی کے صدرنشین کی حیثیت سے رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی کو اہم ذمہ داری دی جائے گی۔ جنرل سکریٹری انچارج تلنگانہ مانکیم ٹیگور نے صدر کانگریس سونیا گاندھی سے مشاورت کے بعد اس فارمولہ کو قطعیت دی ہے تاکہ ناراض قائدین کو منایا جاسکے۔ بتایا جاتا ہے کہ سونیا گاندھی نے مانکیم ٹیگور کو مشورہ دیا کہ وہ 2023 میں پارٹی کو برسراقتدار لانے کے مشن کے ساتھ قائدین کو متحد رکھتے ہوئے کام کریں۔ پی سی سی صدر کے عہدہ پر ریونت ریڈی کے علاوہ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی، بھٹی وکرامارکا اور سریدھر بابو کے نام زیر گشت تھے تاہم بعض سینئر قائدین نے ریونت ریڈی کی سختی سے مخالفت کی حتیٰ کہ پارٹی سے استعفی کی دھمکی دے ڈالی۔ متنازعہ بیانات کی اجرائی پر وی ہنمنت راؤ اور جگا ریڈی کو وجہ نمائی نوٹس جاری کی گئی تھی جس کے بعد دونوں نے ہائی کمان سے معذرت خواہی کی۔ پارٹی کے سینئر قائدین کی جانب سے ریونت ریڈی کی مخالفت کو دیکھتے ہوئے ہائی کمان نے مفاہمتی فارمولہ طئے کیا۔ جیون ریڈی غیر متنازعہ قائد ہیں اور وہ کانگریس کے وفادار لیڈر کی حیثیت سے اپنی شناخت رکھتے ہیں۔ پارٹی کے ہر گروپ میں انہیں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ انہوں نے کے چندر شیکھر راؤ کے خلاف کریم نگر سے لوک سبھا کیلئے مقابلہ کیا تھا۔ گریجویٹ زمرہ سے کونسل کی نشست پر جیون ریڈی نے کامیابی حاصل کرتے ہوئے اپنی مقبولیت کا ثبوت دیا۔ باوثوق ذرائع کے مطابق جیون ریڈی اور ریونت ریڈی میں قربت اور بہتر تال میل کو دیکھتے ہوئے ہائی کمان نے جیون ریڈی کو صدارت اور ریونت ریڈی کو انتخابی تشہیری کمیٹی کا صدر نشین مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں باقاعدہ اعلان بہت جلد کیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ ہائی کمان نے ریونت ریڈی سے ربط قائم کرتے ہوئے انہیں تشہیری کمیٹی کی صدارت قبول کرنے کی ترغیب دی اور کہا کہ وہ تشہیری کمیٹی کے ذریعہ آزادانہ طور پر پارٹی کے استحکام کیلئے ریاست بھر کے دورے کرسکتے ہیں۔ اسی دوران ریونت ریڈی نے اس بات کا اشارہ دیا ہے کہ انہیں تشہیری کمیٹی کی صدارت قبول ہے۔ دوسری طرف کانگریس ہائی کمان دیگر دعویداروں کو مختلف کمیٹیوں کی ذمہ داری دینے پر غور کررہی ہے۔ ورکنگ پریسیڈنٹ کے علاوہ کوآرڈینیشن کمیٹی، انتخابی منشور کمیٹی اور دیگر کمیٹیوں کی ذمہ داری دامودر راج نرسمہا، سریدھر بابو اور دیگر قائدین کو دی جاسکتی ہے۔ ان عہدوں کیلئے تمام طبقات سے نمائندگی کو یقینی بنانے کا امکان ہے۔