جیون ریڈی کی دہلی میں ہائی کمان کے نمائندوں سے ملاقات

   

ناراضگی دور کرنے کامیاب مساعی، استعفی کے فیصلہ سے دستبردار

حیدرآباد۔/26 جون، ( سیاست نیوز) کانگریس ہائی کمان نے ناراض رکن قانون ساز کونسل ٹی جیون ریڈی کو نئی دہلی طلب کیا تاکہ ان کی بات سنی جاسکے۔ جگتیال کے بی آر ایس رکن اسمبلی سنجے کمار کی کانگریس میں شمولیت سے ناراض جیون ریڈی نے کونسل کی رکنیت سے استعفی کا اعلان کیا تھا۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا اور وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی سریدھر بابو کے علاوہ کئی پارٹی قائدین نے جیون ریڈی کو استعفی جیسے اقدام سے روکنے میں کامیابی حاصل کی۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹریز کے سی وینوگوپال اور دیپا داس منشی نے جیون ریڈی سے ربط قائم کرتے ہوئے انہیں کانگریس میں مستحقہ مقام دینے کا تیقن دیا۔ جیون ریڈی کو منانے کیلئے ہائی کمان نے آج انہیں دہلی آنے کی دعوت دی۔ گورنمنٹ وہپ اے لکشمن کے ہمراہ جیون ریڈی آج سہ پہر نئی دہلی روانہ ہوگئے۔ نئی دہلی میں وہ چیف منسٹر ریونت ریڈی اور تلنگانہ انچارج دیپا داس منشی سے ملاقات کے بعدان کا اعلیٰ کمان کے قائدین سے ملاقات کا پروگرام تھا ۔ ریاستی وزراء بھٹی وکرامارکا، سریدھر بابو، پی سرینواس ریڈی، ڈی انوسیا سیتکا، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی اور جوپلی کرشنا راؤ بھی نئی دہلی میں موجود رہے۔ بتایا جاتا ہے کہ جیون ریڈی نے کونسل کی رکنیت سے استعفی کا ارادہ ترک کردیا ہے اور ہائی کمان نے انہیں ریاستی کابینہ میں شمولیت کا بھروسہ دلایا۔ جگتیال میں گذشتہ دو اسمبلی انتخابات میں بی آر ایس کے سنجے کمار نے جیون ریڈی کو شکست دی تھی۔ مشاورت کے بغیر سنجے کمار کو کانگریس میں شامل کرنے پر جیون ریڈی ناراض ہوگئے۔ اسی دوران چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کانگریس ہائی کمان کو بی آر ایس ارکان اسمبلی کی شمولیت کی وجوہات اور تفصیلات سے واقف کرایا۔ ان کا کہنا ہے کہ کانگریس حکومت کو مستحکم کرنے کیلئے بی آر ایس سے آنے والے ارکان کو شامل کرنا ضروری ہے۔ ہائی کمان نے ریونت ریڈی کے موقف سے اتفاق کیا اور جیون ریڈی کو نئی دہلی مدعو کرتے ہوئے انہیں سمجھانے کا فیصلہ کیا ۔ گذشتہ تین دن سے جیون ریڈی کو منانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ سینئر قائد جانا ریڈی کے علاوہ پارٹی کے کئی ارکان اسمبلی نے جیون ریڈی سے ملاقات کی اور انہیں استعفی سے باز رہنے کا مشورہ دیا۔ جیون ریڈی نے ایک مرحلہ پر صدرنشین قانون ساز کونسل سکھیندر ریڈی سے ربط قائم کیا تاکہ استعفی کا مکتوب حوالے کریں لیکن وہ دستیاب نہیں ہوئے۔ ہائی کمان کی مداخلت کے بعد جیون ریڈی کی ناراضگی ختم ہوسکتی ہے۔ ہائی کمان سے ملاقات کے بعد جیون ریڈی کے موقف پر پارٹی قائدین کی نظر ہے۔1