حیدرآباد ۔3 ۔ اپریل (سیاست نیوز) کانگریس سے استعفیٰ کے بعد سینئر سیاستداں ٹی جیون ریڈی اپنے سیاسی مستقبل کے بارے میں حامیوں سے سرگرم مشاورت میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حامیوں کی رائے کے مطابق وہ سیاسی مستقبل کا فیصلہ کریں گے اور کس پارٹی میں شمولیت اختیار کرنا ہے اس کا انحصار حامیوں کی رائے پر رہے گا۔ اسی دوران جیون ریڈی کی بی آر ایس میں شمولیت کی اطلاعات گشت کر رہی ہیں۔ بتایا جاتاہے کہ جیون ریڈی 13 اپریل کو باقاعدہ طور پر بی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلیں گے ۔ اس سے قبل 7 اپریل کو بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر جیون ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے بی آر ایس میں شمولیت کی دعوت دیں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ جیون ریڈی کے حامیوں نے موجودہ صورتحال میں بی آر ایس میں شمولیت کا مشورہ دیا ہے۔ گزشتہ 40 برسوں سے عملی سیاست میں حصہ لینے والے جیون ریڈی کو کانگریس سے اس وقت دھکا لگا جب جگتیال کے بی آر ایس کے رکن اسمبلی سنجے کمار نے کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔ جیون ریڈی کی مخالفت کے باوجود سنجے کمار کو پارٹی میں شامل کیا گیا جس پر جیون ریڈی نے پارٹی سے استعفیٰ دے دیا تھا۔1