جیون ریڈی 25 مارچ کو کانگریس سے استعفی دیں گے

   

حامیوں کے ساتھ اجلاس، ناراض لیڈر منانے ریاستی وزراء کی مساعی ناکام
حیدرآباد۔ 22 مارچ (سیاست نیوز) کانگریس کے سینئر لیڈر ٹی جیون ریڈی کی ناراضگی دور کرتے ہوئے پارٹی سے استعفی سے روکنے کے لئے دو ریاستی وزراء کی مساعی کامیاب نہیں ہوئی ہے۔ جیون ریڈی نے آخر کار 25 مارچ کو کانگریس سے استعفے کا اعلان کردیا۔ وہ پارٹی حامیوں اور کارکنوں کے ساتھ اجلاس میں کانگریس چھوڑنے کا اعلان کریں گے۔ جگتیال کے بی آر ایس رکن اسمبلی سنجے کمار کے پارٹی میں بڑھتے اثر سے ناراض جیون ریڈی نے کانگریس سے استعفی اور بی آر ایس میں شمولیت کا من بنالیا ہے تاہم وہ اس سلسلہ میں 25 مارچ کو حامیوں سے مشاورت کے بعد اعلان کریں گے۔ بی آر ایس سے منتخب سنجے کمار نے حال ہی میں کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی جس کے بعد سے جیون ریڈی ناراض ہیں۔ جیون ریڈی تقریباً 40 برسوں سے جگتیال کی عوامی خدمت کرتے رہے ہیں۔ لہذا انہوں نے سنجے کمار کو پارٹی میں شامل کرنے کی مخالفت کی۔ پنچایت راج اور مجالس مقامی کے چناؤ میں پارٹی نے سنجے کمار کے سفارش کردہ افراد کو ٹکٹ دیا تھا۔ پارٹی میں مسلسل نظرانداز کئے جانے پر جیون ریڈی نے استعفی کا فیصلہ کرلیا۔ ریاستی وزراء ڈی سریدھر بابو اور اے لکشمن کمار نے جگتیال پہنچ کر جیون ریڈی سے ملاقات کی اور انہیں کانگریس میں برقرار رہنے کا مشورہ دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ دونوں وزراء نے تیقن دیا کہ وہ ہائی کمان سے بات چیت کرتے ہوئے پارٹی میں ان کے مستحقہ مقام کو برقرار رکھیں گے۔ تلنگانہ انچارج میناکشی نٹراجن کی ہدایت پر وزراء نے جیون ریڈی سے ملاقات کی۔ بتایا جاتا ہے کہ جیون ریڈی نے میناکشی نٹراجن سے ملاقات سے انکار کردیا تھا۔ دونوں وزراء نے رکن اسمبلی ایم ستیم کے ہمراہ تقریباً ایک گھنٹہ تک جیون ریڈی سے بات چیت کی اور انہیں کانگریس میں برقرار رہنے کی ترغیب دی لیکن جیون ریڈی اپنے موقف پر قائم ہیں۔ ریاستی وزراء کو امید ہے کہ جیون ریڈی کوئی انتہائی قدم نہیں اٹھائیں گے جبکہ جیون ریڈی نے اعلان کیا کہ 25 مارچ کو حامیوں کے ساتھ اجلاس میں وہ سیاسی مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پارٹی میں مسلسل نظرانداز کئے جانے اور توہین آمیز رویہ سے عاجز آچکے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ جیون ریڈی نے بی آر ایس میں شمولیت کا من بنالیا ہے۔ جیون ریڈی نے اپنے حامیوں اور ہمدردوں کا 25 مارچ کو بنڈری گارڈن بولاپلی روڈ میں صبح 10 بجے اجلاس طلب کیا ہے۔ 1