گاہکوں کے آرڈر کی تکمیل میں ناکام، پولیس مصروف تحقیقات
حیدرآباد ۔ /12 جنوری (سیاست نیوز) پنجہ گٹہ پولیس نے ایک سنار کے خلاف دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ملک پیٹ کا ساکن چندر شیکھر خانگی طور پر جیولری ساز تھا اور وہ بڑے جیولرس سے آرڈر حاصل کیا کرتا تھا ۔ پنجہ گٹہ میں واقع مسدی لال جیولرس نے چندر شیکھر کو 221 گرام سونا حوالہ کیا اور گاہکوں کی خواہش کے مطابق جیولری ڈیزائن تیار کرنے کا آرڈر دیا ۔ اس نے اندرون چند دن ڈیزائن کے مطابق جیویلری تیار کرکے حوالے کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن وہ اچانک غائب ہوگیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ جیولری شاپ کے انتظامیہ نے چندر شیکھر سے بار بار ربط پیدا کرنے کی کوشش کی تاکہ ان کا سونا واپس لوٹایا جاسکے لیکن چندر شیکھر واپس کرنے سے قاصر رہا اور اچانک لاپتہ ہوگیا ۔ مسدی لال جیویلرس کے انتظامیہ نے چندرشیکھر کے خلاف دھوکہ دہی کی ایک شکایت درج کروائی جس پر پولیس نے ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے بعد تحقیقات اسے گرفتار کرلیا ۔